کراچی ائیرپورٹ حملہ کیس، عدالت نے گرفتار ملزمان بری کر دیے

پراسیکیوشن گرفتار ملزمان کا جرم ثابت کرنے میں ناکام رہی، انسداد دہشت گردی عدالت نے 6 سال بعد کیس کا فیصلہ سنا دیا

muhammad ali محمد علی منگل 29 دسمبر 2020 19:09

کراچی ائیرپورٹ حملہ کیس، عدالت نے گرفتار ملزمان بری کر دیے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 دسمبر2020ء) کراچی ائیرپورٹ حملہ کیس، عدالت نے گرفتار ملزمان بری کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق 2014 میں کراچی ائیرپورٹ پر ہوئے دہشت گرد حملے کے کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیے گئے 4 ملزمان بری کر دیے گئے ہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے 6 سال بعد کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چونکہ پراسیکیوشن گرفتار ملزمان کا جرم ثابت کرنے میں ناکام رہی، اس لیے ملزمان کو رہا کر دیا جائے۔ دیکھا جائے کہ اگر ملزمان کسی دوسرے کیس میں ملوث نہیں، تو پھر انہیں رہا کر دیا جائے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پولیس نے دہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزام سرمد صدیقی نامی شخص سمیت 4 ملزمان گرفتار کیے تھے۔

(جاری ہے)

عدالت نے سرمد صدیقی، ندیم عرف برگر، آصف ظہیر اور عبدالراشد کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

جبکہ کالعدم تحریک طالبان کے ملا فضل اللہ، شاہد اللہ شاہد سمیت 8 مفرور ملزمان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔ واضح رہے کہ 8 جون 2014 کو کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 27 افراد شہید جبکہ حملہ کرنے والے 10 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے تھے۔