محکمہ برقیات کے آفیسرانوں کی ہٹ دھرمی مظفرآباد میں 22دسمبر سے ملازمین کا احتجاجی دھرنا

جمعہ 1 جنوری 2021 14:52

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2021ء) محکمہ برقیات کے آفیسرانوں کی ہٹ دھرمی مظفرآباد میں 22دسمبر سے ملازمین احتجاجی دھرنے پر بیٹھے ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور صارفین کی مشکلات حل کرنے کیلئے کوئی اہلکار موجود نہیں ہے،احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو 4جنوری بروز پیر سے مظفرآبا د کے تمام برقیات کے دفاتروں کو تالا بند کرکے احتجاج شروع کریںگے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق محکمہ برقیات کے ملازمینوں نے 22دسمبر سے محکمہ برقیات کے آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے ،مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ملازمین کی اپ گریڈیشن اور ٹائم اسکیل دیا جائے اِس کے علاوہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے جبکہ محکمہ برقیات کے آفیسران نے ڈیڑھ سو فیصد انجینئر الائونس وصول کرلیا ہے ،جبکہ عام ملازمین کو ایک فیصد بھی نہیں دیا گیا ،جبکہ 10روز گزر گئے ہیں نہ تو حکومتی نمائندے آگے آئے نہ ہی محکمہ برقیات کے آفیسرانوں نے ملازمین کے مطالبات پورے کرنے کیلئے احتجاجی کیمپ میں شرکت کی ،ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر پیر 4جنوری تک ہمارے مطالبات حل نہ کئے گئے تو پھر مظفرآباد سمیت دیگر علاقوں کے شکایات آفس سب ڈویژن آفس کو تالا لگا کر بند کردیں گے جبکہ عوام نے محکمہ برقیات کے آفیسرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محکمہ برقیات کے ملازمینوں کے مطالبات پورے کریں کیونکہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ مسلسل ہورہا ہے ،تاریں اور کھمبے ٹوٹے ہوئے ہیں اگر ڈیوٹی پر محکمہ برقیات کے اہلکار حاضر نہیں ہونگے تو عوام کو پریشانی سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ،مجبوراً عوام بھی مل کر محکمہ برقیات کے اعلیٰ آفیسرانوں کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائے گی ،فی الفور مطالبات پورے کئے جائیں۔