نومبر میں اوباڑو میں دورہ کے دوران علاقہ مکینوں نے اس آفس کے قیام کا مطالبہ کیا تھا جوپورا ہو گیا، اسد عمر

عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے ;عمران خان کے دل میں پورا ایک ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھانے کا منصوبہ ہے وہ بہت جلدسندھ کا دورہ کر کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے،وفاقی وزیر منصوبہ بندی

جمعہ 15 جنوری 2021 22:52

نومبر میں اوباڑو میں دورہ کے دوران علاقہ مکینوں نے اس آفس کے قیام کا ..
کراچی/ میرپورماتھیلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے نادرا رجسٹریشن آفس اوباڑو ضلع گھوٹکی کے دفتر کا آن لائن افتتاح کیاجبکہ اوباڑو میں رکن سندھ اسمبلی سردار شہریار خان شر، خاتون ایم پی اے سدرہ عمران اور پاکستان تحریک انصاف نادرن سندھ سکھر ریجن کے جنرل سیکرٹری مبین احمد جتوئی نے ربن کاٹ کر افتتاح کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر کو نادرا رجسٹریشن آفس اوباڑو میں عوام کو دی جانے والی تمام سہولیات پر آن لائن بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ نومبر میں اوباڑو میں دورہ کے دوران علاقہ مکینوں نے اس آفس کے قیام کا مطالبہ کیا تھا جوپورا ہو گیا۔

(جاری ہے)

عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق اوباڑو کی عوام کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ نادرا آفس کا قیام دو نہیں ایک پاکستان کا ثبوت ہے۔ اسپیشل افراد کے لیے اس آفس میں خاص سہولیات رکھی گئی ہیں۔ چیئرمین نادرا نے جس تیزرفتاری سے کام مکمل کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے نادرارجسٹریشن آفس اوباڑو کے افسران سے وہاں کے علاقہ مکینوں کو بہترین سہولیات دینے کی خاص ہدایت کی تاکہ کسی شہری کو کوئی شکایت نہ ہو۔

اس موقع پر نادرا آفیس اوباڑو کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رکن سندھ اسمبلی سدرہ عمران نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دل کے قریب جو صوبہ ہے وہ صوبہ سندھ ہے اور سندھ میں ریلوے، یونیورسٹی، ہیلتھ سینٹروں پر بہت جلد کام شروع کیا جائے گا ، عمران خان کے دل میں پورا ایک ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھانے کا منصوبہ ہے وہ بہت جلدسندھ کا دورہ کر کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے ، عمران خان کی سندھ پر گہری نظر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اسد عمر نے اوباڑو کی عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا ہے ، 27 نومبر 2020 ء کو وفاقی وزیر اسد عمر کے دورہ اوباڑو کے موقع پر پی ٹی آئی ایم پی اے سردار شہر یار خان شر نے اور اوباڑو کی عوام نے وفاقی وزیر سے درخواست کی تھی کہ صوبائی حلقہ پی ایس 18 کی عوام کو شناختی کارڈ کے حصول کیلئے میرپورماتھیلو جانا پڑتا ہے جس پر وفاقی وزیر اسد عمر نے عوام کی درخواست پر اوباڑو کی عوام کی تکلیف کو مد نظر رکھتے ہوئے نادرا سینٹر اوباڑو میں قیام کا اعلان کیا اور 25 دن کے مختصر عرصہ میں نادرا رجسٹریشن اوباڑوکا آن لائن افتتاح کر دیا ہے اس رجسٹریشن آفیس کے قیام سے اوباڑو تحصیل کے عوام کو اپنے شہر میں شناختی کارڈ بنوانے اور تجدید کروانے کی سہولت حاصل ہو گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رکن سندھ اسمبلی سدرہ عمران نے مزید کہا کہ ایم پی اے سردار شہر یار خان شر کی درخواست پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اوباڑو تحصیل کی حدود میں لنک روڈیں بنانے کا بھی وعدہ کیا ہے جس کے سروے کا کام شروع کر دیا گیا ہے بہت جلد اوباڑو کے علاقے میں دیہات سے شہر کو ملانے والی سڑکوں کی مرمت کا کام شروع ہو جائے گا۔

اس موقع پر اوباڑوسے منتخب پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی شہر یار خان شر نے کہا کہ اوباڑو کی عوام کی خدمت کرنا میری اولین ترجیح ہے وفاقی حکومت سے اوباڑو کے لیے بہت برا پیکج لیں گے جس میں حلقہ کی عوام کے لئے سوئی گیس ، بجلی ، ٹرانسفامر اور سڑکیں شامل ہیں اور نوجوان سے الیکشن مہم کے دوران کیا گیا یونیورسٹی کا وعدہ بھی جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف نادرن سندھ سکھر ریجن کے جنرل سیکرٹری مبین احمد جتوئی نے کہا کہ نادرا رجسٹریشن سینٹراوباڑو کے افتتاح کے موقع پر ایم پی اے شہر یار خان شر اور اوباڑو کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، پی ٹی آئی ہمیشہ عوام کو سہولت دینے کو ترجیح دیتی ہے عمران خان کا ویڑن سندھ کی عوام کو سہولتیں مہیا کرنا ہے ، پیپلزپارٹی کی حکومت کی وجہ سے گزشتہ 12 سالوں سے سندھ کی عوام پر عذاب نازل ہوا ہے کیوں کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی کرپشن کو ترجیح دی ہے عوام کی سہولت کو نظر انداز کیا ہے ،سندھ کے روڈ راستے تباہ حال ہیں ان کی حالت موئن جودڑو جیسی ہو گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نادرن سندھ سکھر ریجن کے جنرل سیکرٹری مبین احمد جتوئی نے کہا کہ سکھر کے اکثر روڈ راستے ٹوٹے ہونے کی وجہ سے عوام ان پر چل پھر بھی نہیں سکتے ، انہوں نے وزیراعظم پاکستان ، گورنر سندھ اور وفاقی وزراء سے درخواست کی کہ سندھ پر خصوصی توجہ دیں اور آنے والا وقت پی ٹی آئی کا ہو گا ،ترقی کا دور شروع ہو گیا ہے ، سندھ کے عوام کے مسائل جلد از جلد حل کیئے جائیں گے ہم انشائ اللہ عوام سے کیئے گئے تمام وعدے پورے کریں گی