براڈ شیٹ کے انکشافات پر سپریم کورٹ سے سوموٹو ایکشن لینے کا مطالبہ

براڈ شیٹ کے انکشافات سے پوری قوم پریشان ہے، عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جائے، لوگ کسی تحقیقات ادارے پراعتماد کرنے کو تیار نہیں، ملک پر وہی ٹولہ مسلط ہے جنہوں نے انگریزوں کے بوٹ پالش کیے۔ امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 16 جنوری 2021 21:02

براڈ شیٹ کے انکشافات پر سپریم کورٹ سے سوموٹو ایکشن لینے کا مطالبہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16جنوری2021ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان نے براڈ شیٹ کے انکشافات پر سپریم کورٹ سے سوموٹوایکشن لینے کا مطالبہ کردیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ براڈ شیٹ کے انکشافات سے پوری قوم پریشان ہے، عدالت عوام کو حقائق سے آگاہ کرے، لوگ کسی تحقیقات ادارے پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں، پاکستان کی پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہورہی ہے، جبکہ وزیراعظم دن رات کامیابیاں گنوانے میں مصروف ہیں، ملک پر وہی ٹولہ مسلط ہے جنہوں نے انگریزوں کے بوٹ پالش کیے۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور ضلع دیر کے امیر اعزاز الملک افکاری بھی موجودتھے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے سپریم کورٹ سے پر زور مطالبہ کیاہے کہ براڈشیٹ کے معاملے پر سوموٹو ایکشن لے کر پوری قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کرے ۔

انہوں نے افسوس کا ا ظہار کیا کہ پانامہ سکینڈل میں ملوث 436 افراد کے خلاف اگر عدالت عالیہ نے ایکشن لیا ہوتا تو آج براڈشیٹ جیسے سکینڈلز سامنے نہ آتے ۔ براڈشیٹ کے معاملہ پر حکومت اور پی ڈی ایم کامیابی کے دعوے کر رہی ہے ۔ میں کہتاہوں کہ دونوں کا میاب جبکہ ملک کی مظلوم عوام ناکام ہو گئی ۔ عدالت نے ماضی میں کی گئی غلطیوں کا خود اعتراف کیا ہے اب قوم کے اعتماد کو بحال کرنے کی ضرورت ہے ۔

اگر حالات ایسے رہے تو لوگ خدانخواستہ خود چوکوں چوراہوں میں اپنی عدالتیں لگانا شروع کردیں گے ۔ جماعت اسلامی ملک کو امن کا گہوارہ بنانا چاہتی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ہر شہری کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ہو ۔ غریب کو علاج کے لیے سہولت ملے اور اس کا بچہ سکول جائے ۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن اور نااہلی کے مزید سکینڈلز سامنے آئیں گے ۔

موجودہ حکومت کرپشن کےخلاف ایکشن کے تمام وعدوں سے پھر گئی ۔ داخلہ اور خارجہ محاذ پر اس کی ناکامیاں واضح ہوچکی ہیں ۔ نااہلی کے سینگ نہیں ہوتے ، حکومت نے ہر میدان میں اپنے آپ کو نااہل ثابت کردیاہے ۔ ملائیشیا میں پی آئی اے کے طیارہ کو روک لیا گیا ۔ یہ حکومت اس بات پر خوشی کے شادیانے بجا رہی ہے کہ مسافروں کو چھوڑ دیا گیا ۔ لوگ پی آئی اے کے جہازوں میں بیٹھنے سے گریز کرتے ہیں ۔

ایک ایسی ایئر لائن جو پوری دنیا میں پاکستان کا فخر تھی اب تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ۔ اس کے پائلٹس کو خود حکومت نے بدنام کیا ۔ دنیا بھر کی عدالتوں میں ایٹمی پاکستان کی جگ ہنسائی ہورہی ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم نے 2020 ءکو خوشحالی کا سال کہاتھا ، جس میں عوام پر مشکلات کے پہاڑ ٹوٹے ۔ اللہ خیر کرے انہوں نے 2021 کو بھی خوشحالی کا سال قرار دے دیاہے۔

عوام پریشان ہیں، وزیراعظم مہربانی فرماکر خوشحالی کی تعریف واضح کردیں۔ اس سال کے آغاز پر حکومت کے عوام کو دو بڑے تحفے پٹرولیم مصنوعات اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایسا دکھائی دیتاہے کہ حکومت کا مقصد صبح شام عوام پر ظلم کے کوڑے برسانا ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ ملک پر آج بھی وہی حکمران مسلط ہیں جنہوںنے انگریز سامراج کی تابعداری کی ۔

گزشتہ 73 برسوں سے ملک پر مسلط سیاسی پارٹیاں ، سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے مفادات کی محافظ ہیں ۔ ہمارے بزرگوں نے قائد ا عظم ؒکی سربراہی میں اس خداد اد مملکت کے حصول کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں مگر استعمار کے آلہ کاروں نے اس پر قبضہ کر لیا۔ پی ٹی آئی تبدیلی کے بڑے بڑے دعوے کر کے بر سر اقتدار آئی مگر اب وزیراعظم کہتے پھرتے ہیں کہ سکون قبر میں آئے گا ۔

کرپشن ، مہنگائی بے روزگاری کادور دورہ ہے ۔ میں حیران ہوں کہ جو پارٹی سڑکوں بازاروں گلیوں میں لگے گندگی کے ڈھیر صاف نہیں کراسکتی وہ ملک میں کرپشن کا خاتمہ کیسے کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے ۔ ہم فرد اور معاشرہ کی اصلاح چاہتے ہیں ۔ ہم ملک کے نظام کو قرآن و سنت کے تابع کرنا چاہتے ہیں عوام ہمارا ساتھ دیں۔