پی ایس ایل 6 کی افتتاحی تقریب نیشنل سٹیڈیم سے منتقل کیے جانے کا امکان

ٹیموں کی پریکٹس ،افتتاحی تقریب کی تیاری ایک ساتھ ہونا ناممکن،افتتاحی تقریب حنیف محمد ریجنل اکیڈمی میں کرانے کا آپشن بھی زیرغور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 جنوری 2021 16:20

پی ایس ایل 6 کی افتتاحی تقریب نیشنل سٹیڈیم سے منتقل کیے جانے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جنوری 2021ء ) پاکستان سپر لیگ کے سیزن 6 کی افتتاحی تقریب نیشنل سٹیڈیم کے مرکزی گراونڈ میں نہ کروائے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی حکام کے مطابق تمام ٹیموں کی پریکٹس اور افتتاحی تقریب کی تیاری ایک ساتھ ہونا ممکن نہیں ہے جس کے باعث افتتاحی تقریب سٹیڈیم میں موجود حنیف محمد ریجنل اکیڈمی میں کرانے کا آپشن بھی زیرغور ہے۔

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گراونڈ بائیو سیکیور ببل کا حصہ ہونے باعث تقریب کا انعقاد مین گراونڈ میں کرنا مشکل ہوگا۔ پی ایس ایل کا آفیشل سانگ معروف گلوکارہ نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ینگ سٹنرز کی آواز میں ریکارڈ کروالیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن 20 فروری کو کراچی میں شروع ہونا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم 20 میچز کی میزبانی کرے گا جب کہ لاہور کا قذافی سٹیڈیم آخری 14 میچوں کی میزبانی کرے گا جس میں ناک آؤٹ مرحلہ اور فائنل شامل ہے۔

(جاری ہے)

پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیںگی۔ دونوں ٹیموں کے مابین میچ نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اگلے روز ایونٹ میں 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں لیگ کے 5ویں ایڈیشن کی فائنلسٹ لاہور قلندرز اور 2017ء کی فاتح پشاور زلمی جبکہ دوسرے میچ میں 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیںگی۔ 30 روزہ ٹورنامنٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 2017ء کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔