Live Updates

مریم نواز نے براڈ شیٹ معاملے پر ٹویٹ کیا ،فیصلہ سمجھ آیا تو ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا، براڈ شیٹ سکینڈل نے ان لوگوں کے بے ایمان ہونے پر مہر ثبت کر دی ہے،وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا

ہفتہ 23 جنوری 2021 23:56

مریم نواز نے براڈ شیٹ معاملے پر ٹویٹ کیا ،فیصلہ سمجھ آیا تو ٹویٹ ڈیلیٹ ..
اسلام آباد۔23جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23جنوری2021ء) :وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ شریف خاندان جھوٹے اور بے ایمانوں کا ٹولہ ہے، مریم نواز نے براڈ شیٹ معاملے پر ٹویٹ کیا جب فیصلہ سمجھ آیا تو ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا، براڈ شیٹ سکینڈل نے ان لوگوں کے بے ایمان ہونے پر مہر ثبت کر دی ہے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پاکستان میں پارٹی فنڈنگ کا طریقہ کار متعارف کرایا، ہمارے پاس فنڈنگ کرنے والے تمام لوگوں کا ڈیٹا موجود ہے اور ہم نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس 40 ہزار لوگوں کی تفصیلات جمع کرائیں، پیسے دینے والے نے ٹی وی پر آ کر خود تصدیق کی۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ برطانوی عدالت نے نواز شریف کی 14 ہزار کروڑ روپے کی جائیدادیں دکھائی ہیں جن میں سے 100 ملین ڈالر کی تصدیق ہو چکی ہے، یہ لوگ عدلیہ اور فوج سمیت دیگر قومی اداروں پر تنقید کرنے کی بجائے 14 ہزار کروڑ روپے کی جائیدادوں کا جواب دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 2000ءمیں 1.4 ارب روپے نیب کو واپس کئے، پھر ملک میں آ کر دوبارہ حکومت کا حصہ بن گئے اور انہیں وہ سارے پیسے واپس کر دیئے گئے جو کہ ملک اور قوم کے ساتھ بے ہودہ مذاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شریف فیملی کو کرپشن کرنے کے سوا کچھ نہیں آتا، مریم نواز استعفوں کا کہہ کر بھاگ گئیں، پھر کہا کہ حکومت دسمبر پار نہیں کر پائے گی اور وہ عوام کی طاقت سے حکومت گرا دیں گی لیکن ان کا خواب چکنا چور ہو گیا، اب یہ لوگ ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، ان کی کون سی بات کو سچ مانیں، یہ جھوٹوں کا ٹولہ ہے اور براڈشیٹ نے ان کے بے ایمان ہونے پر مہر ثبت کر دی ہے۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات