کراچی کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، وزیراعظم

صوبائی حکومت ساتھ دے نہ دے، ہم اپنی ذمہ داری ادا کریں گے،عمران خان کا اجلاس سے خطاب

بدھ 27 جنوری 2021 19:26

کراچی کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، وزیراعظم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں ارکان پارلیمنٹ نے حلقوں کے مسائل سے متعلق سوالات کیے۔ وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال سے ارکان پارلیمنٹ کو 50 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

کراچی کے ارکان پارلیمنٹ نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں تاخیر پر سوالات کیے۔ نجیب ہارون نے کہا کہ 2023 تک کچھ نہیں ہوگا، کے فور منصوبہ مکمل ہوگا نہ نالے صاف ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ نجیب ہارون آپ تو ہمیں اندھیرا دکھا رہے ہیں۔ تو نجیب ہارون نے جواب دیا کہ وزیراعظم صاحب میں میں بالکل ٹھیک بتارہا ہوں۔عمران خان نے کہا کہ پہلی دفعہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر سنجیدگی سے کام ہو رہا ہے، کراچی کو صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، صوبائی حکومت ساتھ دے نہ دے، ہم اپنی ذمہ داری ادا کریں گے۔