سینیٹ انتخابات میں پنجاب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے لیے حکومتی حکمت عملی تیار

صوبائی وزرا کو بھی اراکین اسمبلی سے رابطوں کی ذمہ داریاں دی جائیں گی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 6 فروری 2021 12:37

سینیٹ انتخابات میں پنجاب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے لیے حکومتی حکمت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 فروری 2021ء) : سینیٹ انتخابات کے پیش نظر ملک بھر میں سیاسی حلقوں میں جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پاکستان کی حکمران جماعت سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی سینیٹ انتخابات کے لیے حکمت عملی اور سینیٹ اُمیدواروں کی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ایسے میں حکمران جماعت نے پنجاب سے سینیٹ انتخابات کی زیادہ نشستیں نکالنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ۔

اس ضمن میں آج گورنرچوہدری محمد سرور اوروزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ملاقات ہوئی ۔ اس اہم ملاقات میں وزیرقانون راجہ بشارت اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان بھی شر یک تھیں۔ ملاقات میں سینیٹ انتخابات میں پنجاب سے زیادہ نشستیں لینے کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی جس کے تحت صوبائی وزرا کو بھی اراکین اسمبلی سے رابطوں کی ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں گورنرپنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کرسینیٹ انتخابات میں مخالفین کوسرپرائزدیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی جن اُمیدواروں کوفائنل کرے گی ان کو کامیاب کروائیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن ووٹ چوروں کی حمایتی بن چکی ہے، پی ڈی ایم جتنی مر ضی دھمکیاں دے وزیراعظم عمران خان ہی رہیں گے۔ جبکہ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کو ہرمحاذ کی طرح سینیٹ میں بھی بھرپورشکست دیں گے، تمام اراکین اسمبلی پارٹی پالیسوں کے ساتھ متحد کھڑے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، اپوزیشن کو مایوسی کے سوا پہلے کچھ ملا ہے اورنہ ہی آئندہ ملے گا۔ واضح رہے کہ حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں ٹکٹ کی تقسیم کے حوالے سے ایک اہم معاملے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف مشیروں، معاونین خصوصی یا کسی بھی حکومتی عہدہ رکھنے والے فرد کو سینیٹ کا ٹکٹ نہ دینے پر غور کر رہی ہے۔

البتہ کچھ روز قبل ذرائع سے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق پاکستان تحریک انصاف میں جن اُمیدواروں کو سینیٹ کا ٹکٹ ملنے کا امکان ہے اُ ن میں حفیظ شیخ ، ثانیہ نشتر شامل ہیں جو سندھ سے الیکشن لڑیں گے۔ دیگر ناموں میں رزاق داؤد ، شہزاد اکبر ، ندیم بابر ، عمر چیمہ ، اعجاز چوہدری ، معید یوسف ، تابش گوہر ، ارباب بابر اور ڈاکڑ فیصل شامل ہیں۔