ملک بھر میں ایک ہی دن عید اور روزے کے اہتمام کی کوششیں، رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں بلانے کا عندیہ

رمضان و عید کے معاملے پر شرعی شہادتوں کی روشنی میں فیصلے ہوتے ہیں، ہو سکتا ہے کہ رمضان کے حوالے سے آنے والا اجلاس پشاور میں منعقد کیا جائے: چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر

muhammad ali محمد علی منگل 23 فروری 2021 22:06

ملک بھر میں ایک ہی دن عید اور روزے کے اہتمام کی کوششیں، رویت ہلال کمیٹی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 فروری2021ء) ملک بھر میں ایک ہی دن عید اور روزے کے اہتمام کی کوششیں، رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں بلانے کا عندیہ۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئر مین اور بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب وامام مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ رمضان کے حوالے سے آنے والا اجلاس پشاور میں منعقد کیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ چاند کے معاملے پر قومی وحدت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں سندھ، پنجاب کے بعد بلوچستان کا بھی دورہ کروں گا۔ رمضان و عید کے معاملے پر شرعی شہادتوں کی روشنی میں فیصلے ہوتے ہیں، آئندہ محکمہ موسمیات اور جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ حاصل کریں گے ۔ بتایا گیا ہے کہ مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین ان دنوں پشاور کے دورے پر ہیں۔

(جاری ہے)

پشاور میں انہوں نے گزشتہ جامع مسجد قاسم علی خان کے امیر مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے خیر سگالی ملاقات بھی کی تھی۔ ملاقات کے دوران دونوں علماء نے چاند کمیٹی کے مسئلے کومنتقی انجام تک پہنچانے سےمتعلق رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ ایک ہی دن عید اور روزے کا اہتمام کریں گے، مفتی شہاب الدین سے ملاقات میں اہم امور سے متعلق مشاورت ہوئی ہے ، علماءکے پلیٹ فارم سے ملکی وحدت کو یقینی بنائیں گے۔

پورے ملک سے شہادتیں وصول کریں گے،رویت ہلال کمیٹی کا کام شرعی ہے۔ جبکہ ملاقات کے بعد مفتی پوپلزئی کا کہنا ہے کہ یہ پہلی ملاقات ہے، عید اور رمضان میں وحدت ہونی چاہیے، ایوان بالا میں ایک ہی روز اور عید اور رمضان سے متعلق تجاویز پیش کی ہیں، ایک ہی روز عید اور رمضان شرعی شہادتوں کی روشنی میں فیصلے کیے جائے تو خوشی ہوگی، غیر شرعی و غیر آئینی اقدامات کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔ یہاں واضح رہے کہ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کو حال ہی میں مفتی منیب الرحمان کی جگہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ مفتی پوپلزئی سے بات چیت کر کے ملک بھر میں ایک ہی دن رمضان کے آغاز اور عید منانے کی کوشش کریں گے۔