دینی تعلیم کے بغیر دنیاوی تعلیم نا مکمل ہے، ڈی ای او

ہفتہ 27 فروری 2021 15:33

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2021ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سردار عبدالعزیز خان نے کہا ہے کہ دینی تعلیم کے بغیر دنیاوی تعلیم نا مکمل ہے ، دنیا اور آخرت کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ دنیاوی تعلیم کیساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی حاصل کی جائے ، موجودہ دور جہاں جدید تعلیم کا متقاضی ہے وہاں پر بحیثیت مسلمان ہمیں اپنی نسلوں کو دینی تعلیم کیطرف راغب کرنے کی ضرورت بھی ہے ،معلمین القرآن کی خدمات لائق تحسین ہیں معمولی اعزازیہ پر دینی تعلیم کے زیور سے آنے والی نسلوں کو آراستہ کررہے ہیں جس کا بھر پور ادراک ہے ، معلمین القرآن کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہو گی جہاں تک ممکن ہوا معلمین القرآن کا ساتھ دیں گے ، ہمیں ملکر آگے بڑھنا ہو گا محکمہ تعلیم وہ محکمہ ہے جو ریاست میں سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے جس میں تعینات لوگ قوم کے معمار ہیں ، اساتذہ معاشرے کے لیے سب سے قابل احترام طبقہ ہے جن کی عزت و تکریم ہم سب کا فرض ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے معلمین القرآن ضلع باغ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ تقریب اور سابق ڈی ای او خان شبیر و ڈپٹی ڈی ای او سردار جمیل کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمانان خصوصی سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خان شبیر اور سردار جمیل تھے جبکہ تقریب کی صدارت صدر معلمین القرآن قاری افراز نے کی ، تقریب سے سابق ڈی ای او خان شبیر ، سابق ڈپٹی ڈی ای او سردار جمیل ، قاری افراز ، قاری افتخار ، قاری شجاع الدےن،قاری عتیق حیات ، قاری ندیم ، مولانا سرفراز صدیقی ، سجاد احمد چشتی ، قاری امجد ، قاری گلفراز ، قاری عبدالحفیظ ، قاری امجد ، قاری ارشاد سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوان پڑھے لکھے ہیں ایک سروے کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کی شرح خواندگی پاکستان سے بھی زیادہ ہے جو ہمارے لیے باعث فخر ہے ، نوجوان تعلیم پر توجہ دیں اور اپنے مستقبل کے لیے جدید تعلیم کیساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی حاصل کریں تا کہ دنیا اور آخرت میں کامیاب ہو سکیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خان شبیر نے کہا کہ باغ میں اپنی سروس کے دوران جس قدر ممکن ہوا عوام کی خدمت کی کوشش کی ہے اور اساتذہ سمیت محکمہ تعلیم سے منسلک تمام مکاتب فکر کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور انکے مسائل کے لیے جد و جہد کی ہے ، انہوں نے کہا کہ معلمین القرآن معاشرے میں اصلاح اور دینی تعلیم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جنکی خدمات کا ادراک ریاست کو بھر پور انداز میں ہے ، تقریب کے اختتام پر صدر تقریب قاری افراز نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خان شبیر اور سابق ڈپٹی ڈی ای او سردار جمیل کی محکمہ تعلیم کے لیے خدمات کو سرہاتے ہوئے انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔