زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر کو سوائل سائنس سوسائٹی آف پاکستان کا صدر منتخب کر لیا گیا

سوسائٹی کی تقریب حلف برداری نیو سینیٹ ہال میں منعقد ہوئی جس کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے کی

پیر 1 مارچ 2021 17:44

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر کو سوائل سائنس ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مارچ2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر کو سوائل سائنس سوسائٹی آف پاکستان کا صدر منتخب کر لیا گیا۔ سوسائٹی کی تقریب حلف برداری نیو سینیٹ ہال میں منعقد ہوئی جس کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی مہمان خصوصی تھے۔

سوسائٹی کے دوسرے نومنتخب ممبران میں ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کو جنرل سکریٹری، ڈاکٹر محمد اقبال کو بطور خزانچی،ڈاکٹر عابد نیاز نائب صدر (پنجاب)، ڈاکٹر جاوید احمد نائب صدر (سندھ)، ڈاکٹر ماریہ مسرت کو نائب صدر (کے پی کے)، ڈاکٹر ماجد محمود نائب صدر (آزاد جموں کشمیر) کے طور پر منتخب کیا گیا۔

(جاری ہے)

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ زمین کی کم ہوتی زرخیزی ایک حقیقی چیلنج ہے جس کے حل کے لئے زرعی سائنسدانوں کو عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے نومنتخب ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ زراعت کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لئے تحقیق کے میدان اور کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لئے زراعت کے شعبے کو جدید رجحانات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ ڈاکٹر کلیم عباسی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے زراعت کے شعبے کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے سوائل سائنس سوسائٹی آف پاکستان کو زمین کی زرخیزی کے ساتھ زراعت کے شعبے کو ترقی دینے کے لئے عملی اقدامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ سوسائٹی کے نومنتخب صدر ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کے ابھرتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کی کم ہوتی ہوئی اراضی اور بڑھتی آبادی کی صورتحال کے پیش نظر فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ناگزیر ہے تاکہ ملک میں غربت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ مستحکم معیشت کو یقینی بنایا جا سکے۔

پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی نے ہال وارڈن پروفیسر ڈاکٹر محمد یٰسین کے ہمراہ ہاسٹل میں ایک پودا بھی لگایا۔تقریب سے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے ڈین مسٹر چاؤ، ڈاکٹر عبدالرشید، ڈاکٹر خرم ضیا نے بھی خطاب کیا۔