چیئرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی ہی امیدوار ہوں گے.شبلی فراز

وزیراعظم آج قوم سے خطاب کریں گے‘ قوم کو کل پتہ چل گیا کون کس طرف کھڑا تھا.وفاقی وزیر اطلاعات کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 4 مارچ 2021 14:55

چیئرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی ہی امیدوار ہوں گے.شبلی فراز
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 مارچ ۔2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فرازنے کہا کہ حکومت اور اتحادیوں کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی ہی امیدوار ہوں گے اور وزیراعظم آج قوم سے خطاب بھی کریں گے. نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کو کل پتہ چل گیا کون کس طرف کھڑا تھا، اپوزیشن ایسی قوتوں کی نمائندگی کر رہی ہے جن کا ہمیشہ ووٹ خریدنے پر انحصار رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہفتے کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے اور وزیراعظم آج شام قوم سے خطاب کریں گے.

(جاری ہے)

شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی پچھلے تین سال کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے حکومت اور ہمارے اتحادیوں کی جانب سے وہ چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہوں گے . خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی سینیٹ کی نشست میں حکومتی امیدوار اور وزیرخزانہ حفیظ شیخ کو اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی سے شکست ہوئی تھی جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہوں گے.

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ قومی اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے بعد پیدا ہونے والے حالات میں پارٹی اور وزیر اعظم عمران خان نے ایوان سے ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اس وقت وزیر اعظم ہیں جب ایوان کا اعتماد حاصل ہو، اس لیے انہوں نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کھل کر سامنے آجائے کہ کون عمران خان کے نظریہ کے ساتھ کھڑے ہیں.

انہوں نے کہا کہ جو عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں وہ واضح طور پر ان کے ساتھ ہوں گے، جن کا کوئی سیاسی نظریہ نہیں ہے وہ مفاد کی سیاست کرتے ہیں، وہ انہی لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے، تحریک انصاف کے کارکن کو یہ اعتماد ہونا چاہیے کہ اس لڑائی میں ہم ان کا مقابلہ کریں گے انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی جمہوریت کے لیے افسوسناک ہے، جمہوریت کے علمبرداروں نے آج جمہوری قدروں کو قتل کیا ان کی نفی کی، علی حیدر گیلانی کا چہرہ، آواز اور ان کی حرکتیں عوام کے سامنے ہیں اور آج عمران خان کے بیانیے پر مہر ثبت ہوگئی.

وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ آج سینٹ کے انتخابات میں جو نتیجہ ہم نے دیکھا اس نے ہمارے بیانیے کو تقویت دی، ہمارا بیانیہ تھا کہ سینیٹ کے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر منڈی لگے گی اور ضمیروں کے سودے ہوں گے، اسلام آباد میں ہمارے دو امیدوار تھے، ایک خاتون امیدوار تھیں جن میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں تھی چنانچہ وہ جیت گئیں جبکہ اسلام آباد کی دوسری نشست پر ان کی دلچسپی شروع سے تھی چنانچہ جمہوریت کے نام پر خرید و فروخت کی گئی.