جموں و کشمیر ماس موومنٹ کا بھارت کی بڑھتی ریاستی دہشت گردی پراظہارتشویش

بھارتی فوج بیگناہ کشمیری نوجوانوں کو حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر بے رحمی سے شہید کررہی ہے،شبیر احمد

پیر 15 مارچ 2021 17:08

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2021ء) غیرقانونی طوپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جموں و کشمیر ماس موومنٹ نے بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی پرشدیدتشویش ظاہرکرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فوج بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر بے رحمی سے شہید کررہی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ماس موومنٹ کے سیکرٹری انفارمیشن شبیر احمد نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ضلع شوپیان کے علاقے راولپورہ میں آج مسلسل تیسرے روز بھی بھارتی دہشت گردی جاری ہے جہاں کئی رہائشی مکانات کوتباہ اوردو نوجوانوں کو شہیدکردیاگیا ہے جبکہ درجنوں شہری زخمی ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ گھر گھر تلاشی کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا بھارتی فوجیوں نے وادی کشمیر میں ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، کاروبار حیات بند ہے، نوجوانوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں اذیتیں دی جا رہی ہیں، حریت رہنمائوں کو نظر بند کرکے ان پر ظالمانہ تشدد کیا جا رہا ہے، انہیں ذہنی اور جسمانی اذیتیں دی جا رہی ہیں جبکہ مقبوضہ علاقے میں تمام بنیادی حقوق سلب کئے گئے ہیں۔

شبیر احمد نے کہا حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں بند کیا گیا ہے اور انہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے جبکہ ان کی غیر قانونی نظر بندی کو طول دینے کے لیے انہیں عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے نوجوانوں کے ساتھ انتہائی عقیدت رکھتے ہیں اور بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ان کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔انہوںنے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی ختم کرانے اورکشمیریوں پر مظالم بندکرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔