خیرپور میں رینجرز گاڑی پر حملے میں علیحدگی پسند ملوث ہیں: ڈاکٹر سلیم حیدر

ملک دشمن سندھودیش کے علیحدگی پسندوں کو صوبائی حکومت کی حمایت حاصل ہے

منگل 23 مارچ 2021 20:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2021ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کراچی کے معروف سیاسی ر ہنما اور سابقہ صوبائی وزیر الحاج شمیم الدین کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحاج شمیم الدین پاکستان کے استحکام ،خوشحالی اور عوام کے جائز حقوق کیلئے جدوجہد کرتے رہے ، وہ بے باک او رنڈر انسان تھے ، انہوں نے ساری زندگی اصولوں پر گزاری۔

اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات کو بلند کرے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر سلیم حیدر نے خیرپور میں رینجرز کی گاڑی پر ملک دشمن دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام پر کریکر اور بموں کے حملوں میں سندھ کے علیحدگی پسند سندھودیش تحریک کے کارکن ملوث ہیں جو پاکستان کے قومی دنوں پر خاص طورپر قانون نافذ کرنے والے اداروں یا عوام پر حملہ کرکے پاکستان دشمن قوتوں کو خوش کرنا چاہتے ہیں لیکن افسوس کہ صوبائی حکومت ان علیحدگی پسند سندھودیش کے حامی دہشت گردوں کیخلاف عملی کارروائی کرنے کو تیا رنہیں اور ان کی درپردہ حمایت کی جاتی ہے جس کی وجہ سے ان دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم پہلے بھی کہتے رہے ہیں کہ سندھ میں علیحدگی پسند دہشتگردوں کو پاکستان دشمن قوتوں کی حمایت اور مالی معاونت حاصل ہے جو پاکستان کی سالمیت اور استحکام کیخلاف وقتاً فوقتاً اس طرح کی دہشت گردانہ کارروائی کرکے خوف وہراس پھیلانا چاہتے ہیں۔ ان ہی عناصر نے کراچی اورنگی ٹاؤن میں رینجرز کی گاڑی پر کریکر کے حملے کئے تھے اور یہی علیحدگی پسند دہشت گرد وزیراعلیٰ سندھ کے آبائی حلقے ضلع دادو کے علاقے سن میں جی ایم سید کی سالگرہ کے موقع پر عالمی دہشت گرد نریندر مودی کی تصاویر اٹھائے پاکستان کیخلاف نعرے لگارہے تھے لیکن ان دہشت گرد علیحدگی پسندوں کیخلاف صوبائی حکومت نے نہ کوئی کریک ڈاؤن کیا، نہ ان کے گھروں پر چھاپے مارے اور نہ ہی ان کیخلاف سنگین نوعیت کے مقدمات درج کئے۔

محض خانہ پوری کیلئے ایک ایف آئی آر درج کرلی گئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کو سوچنا ہوگا کہ اگر اسی طرح کی صورتحال رہی تو پھر علیحدگی پسند ملک دشمن دہشت گردوں کے حوصلے مزید بڑھیں گے۔