مسئلہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیا کا امن دائو پر لگا ہوا ہے ، غلام نبی سمجھی

عالمی برادری بیگناہ کشمیریوں کا قتل عام روکنے ،مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کیساتھ بات چیت کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے، حریت رہنماء

بدھ 7 اپریل 2021 22:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام نبی سمجھی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام دائو پر لگا ہوا ہے اور اب تک پانچ لاکھ کے لگ بھگ کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطا بق غلام نبی سمجھی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ خطے کو پرامن بنانے کیلئے ضروری ہے کہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی ترک کر کے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے جس کیلئے وہ بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوںنے قابض بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بیگناہ کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنی فورسز کوکالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کے قتل عام کا لائسنس دے رکھا ہے۔ غلام نبی سمجھی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بیگناہ کشمیریوں کا قتل عام روکنے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کیساتھ بات چیت کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ انہوں نے تحریک آزاد ی کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔