بلاول بھٹو نے ن لیگ کا شوکاز نوٹس پھاڑ کر پھینک دیا

بلاول بھٹو نے سی ای سی اجلاس میں ن لیگ کا شوکاز نوٹس خود پڑھ کر سنایا، جس کے بعد نوٹس پھاڑ کر ڈسٹ بن میں پھینک دیا، ای سی ای اجلاس

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 11 اپریل 2021 19:32

بلاول بھٹو نے ن لیگ کا شوکاز نوٹس پھاڑ کر پھینک دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ، تازہ ترین اخبار، 11اپریل 2021) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو ن لیگ کے شوکاز نوٹس پر سخت ناراض، ای سی ای اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ن لیگ کی جانب سے بھیجا گیا شوکاز نوٹس پھاڑ کر پھینک دیا۔ بلاول بھٹو کی زیر صدارت پیپلزپارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پی ڈی ایم کے شوکاز نوٹس کا معاملہ زیر بحث آیا۔

بلاول نے شرکا کو شاہد خاقان عباسی کا شوکاز نوٹس پڑھ کر سنایا اور پھر اسے پھاڑ کر پھینک دیا۔شوکاز نوٹس پھاڑے جانے پر سی ای سی کے شرکا کی جانب سے تالیاں بجائی گئیں، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم سیاست عزت کے لیے کرتے ہیں، عزت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور پیپلزپارٹی کو شوکاز نوٹس بھیجے گئے تھے جس کے بعد اے این پی نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

اے این پی کے قائم مقام صدر امیر حیدر ہوتی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے نائب صدر کے عہدے سے استعفی دیتا ہوں، میاں افتخار بھی مزید پی ڈی ایم کے ترجمان نہیں ہوں گے۔امیر حیدر ہوتی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کب ایک واحد جماعت بن گئی ہے؟ شوکاز نوٹسز ایک سیاسی جماعت کے اندر دیے جاتے ہیں، اے این پی کے کسی فرد کو شوکاز نوٹس صرف اسفندیار ولی ہی دے سکتے ہیں، کسی کو یہ اختیار نہیں کہ ہمیں شوکاز نوٹس دے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہونے والی تنقید کے بعد کراچی کے حلقہ این اے 249 میں مسلم لیگ ن کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔