کورونا وباء نے پاکستان میں مزید 137 افراد کی جان لے لی

ملک بھر میں 5 ہزار 445 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوگئے ، این سی او سی

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 اپریل 2021 10:47

کورونا وباء نے پاکستان میں مزید 137 افراد کی جان لے لی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 اپریل2021ء) پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث مزید 137 افراد جاں بحق ہوگئے اورعالمی وباء سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 16 ہزار 453 ہوگئی جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تقریباً ساڑھے 5 ہزار نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ، اس وقت ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد83 ہزار 298 ہے جن میں سے 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ تریسن سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 68 ہزار 002 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے ملک بھر میں مزید 5 ہزار 445 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا وابء کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 766,882 ہوگئی ہے ، جن میں سے اب تک صوبہ سندھ میں 2 لاکھ 73 ہزار 466 اور صوبہ پنجاب میں 2 لاکھ 73 ہزار 566 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جب کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں یہ تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 309 رہی ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 70 ہزار 609 افراد مین کورونا کی تشخیص ہوئی اور صوبہ بلوچستان میں 21 ہزار جب کہ آزاد کشمیر میں 15 ہزار 741 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 191 افراد اب تک میں کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 137 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے ساتھ ہی پاکستان میں اب تک عالمی وباء سے انتقال کرنے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 16 ہزار 453 ہوگئی ہے ، جہاں کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں اور 7 ہزار561 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ سندھ میں یہ تعداد 4 ہزار556 رہی ، صوبہ خیبر پختونخوا میں 2 ہزار920 افراد کورونا کے باعث انتقال کر گئے ، صوبہ بلوچستان میں 225 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 645 افراد کورونا کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے جب کہ گلگت بلتستان میں 104 اور آزاد کشمیر میں 442 افراد کورونا وباء کے باعث لقمہ اجل بن گئے۔