کورونا وائرس، فوج کی مدد لینے پر وزیراعظم کو تنقید کا سامنا

وزیراعظم نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کے لیے فوج کو طلب کرلیا تو ٹائیگر فورس کا کیا ہوا،فوج کیا لوگوں کو زبردستی ماسک پہنائے گی۔سینئر تجزیہ کار

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 24 اپریل 2021 12:46

کورونا وائرس، فوج کی مدد لینے پر وزیراعظم کو تنقید کا سامنا
اسلام آباد ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 اپریل 2021ء ) معروف صحافی بے نظیر شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کے لیے فوج کو طلب کرلیا تو ٹائیگر فورس کا کیا ہوا،فوج کیا لوگوں کو زبردستی ماسک پہنائے گی۔عمران خان لاک ڈاؤن لگانا نہیں چاہتے تو نہیں لگائیں لیکن اتنا ضرور بتا دیں کہ عوام کے لئے کروناویکسین کہاں ہے۔

جب کہ سینئر صحافی ارشاد بھٹی نے کہا کہ ہم خیراتی اور مفت خورے ہیں ،کوروناویکسین بھی خیرات میں ڈھونڈ رہے ہیں، ایک طرف کورونا ہے تو دوسری طرف بھوک ہے،لاک ڈاؤن نہیں ہونا چاہیے ورنہ یہ قوم بھوک سے مر جائیں گی۔سینیئر صحافی مظہر عباس نے کہا کہ حکومت لاک ڈاؤن کرے یا نہ کرے یہ بتائیں کورونا کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کیے، سب کو پتہ ہے کہ کورونا کی کی نئی لہر برطانیہ سے آرہی ہے لیکن ایئرپورٹ پر چیکنگ کے اقدامات نہیں کیے گئے ،لوگوں میں احساس ذمہ داری نہیں ہے، رینجرز یا پولیس یا فوج کچھ نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

حکومت اور انتظامیہ فیصلے پر عمل درآمد کروانے میں مکمل ناکام رہی، لوگ پولیس والوں کو خوش کر کے مقررہ وقت سے زیادہ دکانیں کھول کر بیٹھے ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے علان کیے جانے کے بعد کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کے لیے اسلام آباد میں پاک فوج نے ذمہ داری سنبھال لی ۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے فوج کے ہمراہ مختلف علاقوں میں گشت شروع کر دیا ہے ، اس دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے فوج کی مدد کے ساتھ ایکشن لیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ کورونا کیسزمیں اضافہ ہورہاہے ، ہم نے احتیاط نہ کی تو 2ہفتوں میں ہمارے حالات بھارت جیسے ہوجائیں گے ، حالات قابو سے نکل گئے تو سخت فیصلے کرنے پڑیں گے ، ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے فوج سڑکوں پر نکلے گی ، میں نے فوج سے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے ہماری فورسز کے ساتھ سڑکوں پر آئے ، ہم اب تک لوگوں کو ایس او پیز پر چلنے کا کہتے رہے ہیں لیکن لوگوں میں کوئی خوف نہیں اور کوئی احتیاط نہیں کررہے اس لیے فوج کو پولیس اور فورسز کی مدد کرنے کا کہا ہے ۔