میرے الزامات پرجوڈیشل کمیشن بنائیں، جھوٹا ہوا تو سامنے آجائے گا، بشیر میمن

وزیراعظم ہاوَس کے گیٹ پر ریکارڈ سے پتہ چل جائےگا میں کب وہاں گیا، تمام چیزیں ریکارڈ پر موجود ہیں،مجھے جو لیگل نوٹس دیا گیا اس کا میں جواب دوں گا۔ سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 1 مئی 2021 21:11

میرے الزامات پرجوڈیشل کمیشن بنائیں، جھوٹا ہوا تو سامنے آجائے گا، بشیر ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مئی2021ء) سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے کہا ہے کہ میرے الزامات پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، سب ثابت ہوجائے گا، وزیراعظم ہاوَس کے گیٹ پر ریکارڈ سے پتہ چل جائےگا میں کب وہاں گیا، تمام چیزیں ریکارڈ پر موجود ہیں، اگر جھوٹا ہوا تو سب کمیشن کے سامنے آجائےگا۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے میری 2 سے 3 منٹ کی ملاقات ہوئی تھی۔

ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے میری تعریف کی۔ وزیراعظم سے ملاقات  میں کسی کیس کی بات نہیں ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا آپ اچھے ہو یہ کام کرسکتے ہو۔ وزیراعظم سے ملاقات میں کسی خاص کیس پر بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر نے ٹریول ہسٹری سے متعلق بات چیت کی۔ یہ ٹریول ہسٹری جسٹس  قاضی فائز عیسیٰ کی فیملی سے متعلق تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاوَس کے گیٹ کے ریکارڈ سے پتہ چل جائے گا میں کب وہاں گیا۔

میں کہہ رہا ہوں کہ جوڈیشل کمیشن بنا دیں۔ میرے آفس اور لوگوں کو پتہ ہوتا تھا میں کیوں میٹنگ کیلئے جارہا ہوں۔ تمام چیزیں ریکارڈ پر موجود ہیں۔ اگر جھوٹا ہوں تو سب کمیشن کے سامنے آجائےگا۔ اگر جوڈیشل کمیشن نہیں بنانا تو پارلیمنٹ کی کمیٹی بنا دیں وہ انکوائری کرلے گی، میں تو انکوائری نہیں کرسکتا۔ مجھے جو لیگل نوٹس دیا گیا اس کا میں جواب دوں گا۔

وزیراعظم کو جتنی بریفنگ دیں،ان کے بارے میں میرے آفس کوپتا ہوتا تھا، لاگ بک میں درج ہوتی ہیں، وزیراعظم آفس میں کوئی ایسے نہیں جاسکتا، وزیراعظم آفس میں کوئی کچہری لگانے یا گپ شپ لگانے تو نہیں جاتا۔وزیراعظم نے جسٹس فائز عیسیٰ کا نام لے کر کبھی بات نہیں کی، وزیراعظم نے بات کی ، ان میں میاں نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز، حمزہ شہباز، سلمان شہباز، سلمان شہبازکی ٹریول ہسٹری بھی نکلوائی تھی، کہ وہ چین گئے یا نہیں، خواجہ آصف ، شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء اللہ ، احسن اقبال، خورشید شاہ، نفیسہ شاہ ، ارسلان افتخار،سابق چیئرمین نیب چوہدری قمر زمان شامل ہیں۔

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ مسلم لیگ ن کالعدم جماعت یا بھارت کی بی جے پی نہیں ہے، جو اس میں شامل ہونے پر پابندی ہے، میں اعتزاز احسن کی کسی بات کا جواب نہیں دوں گا۔