وزیر اعظم عمران خان عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گئے

وزیراعظم کے ہمراہ خاتون اوّل بشریٰ بی بی اور حکومتی وفد کے دیگر افراد بھی موجود ہیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 9 مئی 2021 15:43

وزیر اعظم عمران خان عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گئے
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مئی 2021ء ) وزیر اعظم عمران خان عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان پہلے مدینہ منورہ سے جدہ کے لیے روانہ ہوئے، جس کے بعد وزیراعظم جدہ ایئرپورٹ سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ روانہ ہوئے اور وزیر اعظم عمران خان عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گئے ، وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ خاتون اوّل  بشریٰ بی بی اور حکومتی وفد کے دیگر افراد بھی موجود ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے کے لیے مدینہ منورہ پہنچے ، جہاں گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے مدینہ منورہ آمد کے بعد روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی ، وزیراعظم عمران خان نے روضہ رسول پر افطار کی سعادت حاصل کی ، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر موجود پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے روضہ رسولﷺ پر حاضری دی تو وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے عمران خان کی روزہ رسول ﷺ کے پاس بیٹھے تصویر شیئر کی ، انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے اور آپ سب کے محبوب محمد ﷺ کے روضہ پر حاضری اور افطار کی برکتیں سمیٹتے ہوئے۔

تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید، گورنر سندھ عمران اسماعیل ، گورنر خیبرپختونخوا اور دیگر وزرا وغیرہ موجود ہیں ، وزیراعظم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ افطار بھی کیا اور خصوصی دعائیں کیں۔اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا کہ سرکارِ دوعالم محمد مصطفیﷺ کے دربار میں غلام کی حاضری ، ادب کا قرینہ کہ جوتے پہننے کی جسارت دربارِمصطفیﷺ میں تو کیا ان کے شہر میں بھی نہیں ، کیوں کہ ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں۔