ہتھکڑی لگی فلسطینی لڑکی کے چہرے پر انتفاضہ کی قوت واضح ہے، رضا ربانی

الاقصیٰ مسجد اور غزہ میں رہائشی علاقے کے شہریوں پر اسرائیلی دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، فلسطینی سفیر سے گفتگو

بدھ 12 مئی 2021 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2021ء) سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے اسلام آباد میں فلسطینی سفیر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی۔

(جاری ہے)

پی پی رہنما نے کہا کہ الاقصیٰ مسجد اور غزہ میں رہائشی علاقے کے شہریوں پر اسرائیلی دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ فلسطینی لڑکی مسجد کے احاطے میں ہتھکڑی کے ساتھ بندھی بیٹھی تھی، جس کے چہرے پر انتفاضہ کی قوت واضح ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل بیت المقدس دارالحکومت کے ساتھ فلسطینی ریاست کے حق سے انکار نہیں کرسکتا۔سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے عوام اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف فلسطینیوں کی جدوجہد میں ساتھ کھڑے ہیں۔