سرینگر‘ شہدائے چوٹہ بازار کو خراج عقیدت

کشمیری اپنے عظیم شہداء کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور آزاد ی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے‘شبیر احمد ڈار

جمعرات 10 جون 2021 18:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے شہدائے چوٹہ بازار سرینگر کو انکی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔ بھارتی پیراملٹری سینٹر ل ریزرو پولیس فورس ( سی آر پی ایف) کے اہلکاروں نے 11جون 1991کو سرینگر کے علاقے چوٹہ بازار میں بلا اشتعال اندھا دھند فائرنگ کر کے 32بیگناہ شہریوں کو شہید جبکہ 22کو شدید زخمی کر دیا تھا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے کی خون آلود تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فسطائی بھارتی حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی آزادی کی تاریخ سے سبق حاصل کریں جس دوران جلیانوالہ باغ قتل عام کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جبکہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوںمقبوضہ جموںوکشمیر میں اب تک ایسے بیسیوں دلخراش واقعات پیش آچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور انکے عزم وہمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست دینے کا تصور بھی نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے کشمیریوں اور بیرونی ممالک مقیم تارکین وطن کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ شہدائے چوٹہ بازار کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیہ تقاریب کا انعقا دکریں اور انکی بیش بہا قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں۔

ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی کا سخت نوٹس لیں جو اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔جموںوکشمیرمسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں چوٹہ بازار قتل عام کے شہدا ء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے عظیم شہداء کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور آزاد ی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ کے ترجمان شفیق الرحمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں شہدائے چوٹہ بازار کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک قتل عام کی یادیں تاحال کشمیریوں کے دلوں اور ذہنوں میں زندہ ہیں۔ انہوںنے افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مقبوضہ علاقے میں بیگناہ شہریوں کے قتل عام کے بیسیوں واقعات پیش آئے ہیں لیکن کسی ایک بھی مجرم بھارتی فوجی کو آج تک سزا نہیں دی گئی ۔