وزیراعلیٰ پنجاب حادثے سے بال بال بچ گئے

اسلام آباد سے لاہور واپسی کے دوران اچانک موسم خراب ہوگیا، ہیلی کاپٹر کی ایمرجنسی لینڈنگ

muhammad ali محمد علی جمعرات 10 جون 2021 20:15

وزیراعلیٰ پنجاب حادثے سے بال بال بچ گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 10 جون 2021) وزیراعلیٰ پنجابحادثے سے بال بال بچ گئے، اسلام آباد سے لاہور واپسی کے دوران اچانک موسم خراب ہوگیا، ہیلی کاپٹر کی ایمرجنسی لینڈنگ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایک روزہ دورے سے واپسی پر حادثے سے بال بال بچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات کی شام کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسلام آباد سے واپسی پر لاہور کے پرانے ائیرپورٹ پر لینڈنگ کرنا تھی، تاہم لاہور کے قریب پہنچنے پر موسم اچانک خراب ہوگیا۔

(جاری ہے)

مٹی کے طوفان کی وجہ سے وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کیلئے پرواز جاری رکھنا انتہائی مشکل ہو گیا۔ اس صورتحال میں پائلٹ نے ہیلی کاپٹر کو گڑھی شاہو کے علاقے میں ہنگامی لینڈنگ کروائی۔ ہنگامی لینڈنگ کے دوران وزیراعلیٰ محفوظ رہے۔ بعد ازاں عثمان بزدار نے جاری پیغام میں بتایا کہ وہ اللہ کے فضل و کرم سے بالکل محفوظ ہیں۔ جبکہ گڑھی شاہو میں ہنگامی لینڈنگ کے بعد عثمان بزدار گاڑی کے ذریعے وزیراعلیٰ ہاوس روانہ ہوگئے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات کیلئے جمعرات کے روز ایک روز کیلئے اسلام آباد روانہ ہوئے تھے۔