Live Updates

بجٹ کے مثبت اثرات، مرغی کے گوشت کی قیمت 6 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی

راولپنڈی شہر میں برائلر گوشت سب سے کم قیمت پر فروخت، مختلف شہروں میں زندہ مرغی 155 سے 190 روپے فی کلو کی قیمت میں دستیاب

muhammad ali محمد علی جمعہ 11 جون 2021 23:34

بجٹ کے مثبت اثرات، مرغی کے گوشت کی قیمت 6 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون2021ء) بجٹ کے مثبت اثرات، مرغی کے گوشت کی قیمت 6 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، راولپنڈی شہر میں برائلر گوشت سب سے کم قیمت پر فروخت، مختلف شہروں میں زندہ مرغی 155 سے 190 روپے فی کلو کی قیمت میں دستیاب ۔ تفصیلات کے مطابق کئی ماہ تک غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر رہنے کے بعد بالآخر مرغی کے گوشت کی قیمت کئی ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ تقریباً 6 ماہ بعد مرغی کی قیمت 200 روپے کی سطح سے نیچے آئی ہے۔ ملک کے تمام شہروں میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 200 روپے سے نیچے آ چکی، جبکہ کئی شہروں میں برائلر گوشت کی فی کلو قیمت بھی 200 روپے سے نیچے آگئی ہے۔ اس وقت راولپنڈی شہر میں زندہ مرغی اور برائلر گوشت سب سے کم قیمت پر دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی میں زندہ مرغی کی قیمت 155 روپے ہے، جبکہ دیگر شہروں میں زندہ مرغی 155 سے 190 روپے فی کلو کی قیمت میں دستیاب ہے۔

لاہور اور کراچی میں بھی زندہ مرغی 180 سے 190 روپے فی کلو کی قیمت میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ برائلر گوشت 200 روپے سے ڈھائی سو روپے کی قیمت میں دستیاب ہے۔ قیمتوں میں اتنی بڑی کمی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک ایکسپورٹ پر پابندی لگنے اور بیماری پھیلنے کی وجہ سے مرغی کے گوشت کی قیمت میں یکدم بڑی گراوٹ آئی ہے۔ مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی آنے پر غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کی جانب سے سکھ کا سانس لیا گیا ہے۔

جبکہ معاشی ماہرین کے مطابق بجٹ پیش کرنے سے قبل ہی حکومت کی جانب سے ٹیکسوں میں کمی کے اعلانات کی وجہ سے ناصرف مرغی بلکہ دیگر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ مہنگائی کے حوالے سے گزشتہ 2 ہفتوں کی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں اب مسلسل کمی آ رہی ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات