مقبوضہ جموںوکشمیر پر زمینی صورتحال سے نابلد افسر شاہی نظام مسلط ہے، عمر عبداللہ

نیشنل کانفرنس 5اگست2019کے فیصلوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی

جمعرات 17 جون 2021 13:17

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں اس وقت ایسے افسران مسلط کیے گئے ہیں جو لوگوںکو اپنی آرا کے اظہار پر جیل بھجوا دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے اپنی پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر میں افسر شاہی کا ایک ایسا نظام مسلط کیا گیا ہے جو یہاں کی جغرافیہ ، زبان ، تہذیب ، زمینی صورتحال ، عوامی مزاج اور لوگوں کے احساسات و جذبات سے مکمل طور پر نابلد ہے۔

انہوںنے ضلع گاندر بل کے علاقے صفاپورہ کے ایک رہائشی کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ڈی سی کی ہدایت پر محض اس وجہ سے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا کیونکہ انہوں نے غیر کشمیریوں افسروں پر عدم اعتما د کا اظہار کیا تھا۔ عمرعبداللہ نے کہا کہ یہ صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہاں کسی کو سیدھی بات کرنے کی اجازت نہیں ، مخالفت یا نکتہ چینی کرنا تو دو کی بات ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس 5اگست2019کے فیصلوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔