جموں و کشمیر ماس مومنٹ کا بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوںکی گرفتاریوںاور قتل عام پر اظہار تشویش

جمعرات 17 جون 2021 17:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) جموں و کشمیر ماس مومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید میر نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں ، کرفیو، گرفتاریوں اور کشمیریوں کے قتل عام پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالمجید میر نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ قابض بھارتی فورسز کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کیلئے مقبوضہ علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں، شبانہ روز کرفیو،گرفتاریوں اور کشمیری نوجوانوںکا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز کی ان وحشیانہ کارروائیوں سے کشمیریوںکی زندگیاں اجیرن بن گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ جموںوکشمیرکی موجودہ گھمبیر صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔عبدالمجید میر نے کہاکہ قابض بھارتی فورسز کشمیریوںکو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکنے کیلئے انہیں بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

تاہم انہوںنے کہاکہ بھارت کو یہ تاریخی حقیقت یاد رکھنی چاہیے کہ دنیا بھر میںآزادی کی تحریکوںکو ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے دبایا نہیں جاسکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموںوکشمیر کے زمینی حقائق سے چشم پوشی اور ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ اختیار کرکے گزشتہ سات دہائیوں سے جنوبی ایشیاء کے امن کو یرغمال بنا رکھا ہے اور وہ جموںوکشمیر میں لاکھوں کی تعداد میں فوجی تعینات اور طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کے سیاسی، انسانی اور اقتصادی حقوق پامال کر رہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔