لاہور میں بھارتی اسمگلنگ کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی

کسٹم انٹیلی جینس نے فیصل آباد سے لاہور آنے والے ٹرک کی ریکی کی، برآمد شدہ سامان کاسمیٹکس تھی جس کی مالیت 32 کروڑ روپے بتائی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 جولائی 2021 14:12

لاہور میں بھارتی اسمگلنگ کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جولائی2021ء) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھارتی اسمگلنگ کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی، برآمد شدہ سامان میں کا سمیٹکس شامل ہیں جس کی مالیت 32 کروڑ روپے بتائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کسٹم انٹیلی جنس کی جانب سے لاہور میں بھارتی اسمگلنگ کے خلاف سب سے بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی ، جہاں سگیاں کے علاقہ میں گودام پر چھاپہ مارا گیا، جس میں 32 کروڑ روپے مالیت کی ایکسپائر ابھارتی کاسمیٹکس کا سامان برآمد ہوا۔

ڈائریکٹر کسٹمز اسد رضوی نے بتایا کہ کسٹم انٹیلی جینس نے فیصل آباد سے لاہور آنے والے ٹرک کی ریکی کی ، ٹرک کو فالو کر کے کسٹم ٹیم گودام تک پہنچ گئی جہاں سے ایکسپائر بھارتی کاسمیٹکس کا سامان برآمد کیا گیا ، برآمد شدہ سامان کی مالیت 32 کروڑ روپے ہے ، کسٹم انٹیلی جنس نے گودام کے مالک کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف اسمگلنگ کیلئے 82 منشیات کے کیپسول نگلنے والی خاتون ایئرپورٹ پر پکڑی گئی ، خاتون کو منشیات سے بھرے کیپسول لے جانے کے الزام میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا ، خاتون کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد منشیات سے بھرے کیپسول برآمد کروائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق نائیجیریا سے تعلق رکھنے والی ایک غیرملکی خاتون کو اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر منشیات سے بھرے کیپسول پیٹ میں چھپاکر لے جانے پر گرفتار کیا گیا ، حکام نے نائیجیریا کی مسافر کو قطر سے پاکستان پہنچنے پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا، کسٹم ذرائع نے بتایا ہے کہ خاتون نے 82 کوکین سے بھرے کیپسول نگلنے کا اعتراف کیا ، خاتون کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد منشیات سے بھرے کیپسول برآمد کروائے گئے ، جس کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لئے خاتون کو انسداد منشیات فورس کے حوالے کردیا گیا۔