پی ٹی آئی کے سابق وزیرنوابزادہ محسن علی خان کا بیٹے اور ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شمولیت کا اعلان

نوابزادہ محسن علی خان نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات میں پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، وزیراعظم کا ن لیگ میں شمولیت کا خیر مقدم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 25 جولائی 2025 20:40

پی ٹی آئی کے سابق وزیرنوابزادہ محسن علی خان کا بیٹے اور ساتھیوں سمیت ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 25 جولائی 2025ء ) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی صدر اور سابق صوبائی وزیر نوابزادہ محسن علی خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر نوابزادہ محسن علی خان اپنے بیٹے شہریار اور کئی ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔ ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے نوابزادہ محسن علی خان کا پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ امید ہے آپ خیبر پختونخوا میں پاکستان مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کو فروغ دینے اور عوامی روابط بڑھانے کے حوالے سے اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود اور وہاں امن و امان کے فروغ کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزید برآں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے سکلز ایمپیکٹ بانڈ کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ جدید ماڈل نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے کیلئے نجی سرمایہ کاری کو راغب کرے گا،پاکستان کے باصلاحیت نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں،نوجوانوں کو روزگار کے قابل تعلیم و ہنر کی فراہمی سے اس ملک کی تقدیر بدلیں گے،پاکستان کے باصلاحیت نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں، نوجوانوں کو پاکستان اور بیرون ملک روزگار کے مواقع اور حصول کی تعداد کے تخمینے پر مبنی ایک جامع روڈمیپ پیش کیا جائے،ہر دو ماہ میں اس پر عملدرآمد کی پیش رفت کا خود جائزہ لوں گا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعہ کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے روڈ میپ پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں، رکن قومی اسمبلی آمنہ بتول اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ اس نظام کے تحت نوجوانوں کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ایسے ہنر سکھائے جائیں گے جس سے پاکستان کے نوجوان با اختیار اور ملکی اقتصادی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں گے۔