کراچی،پولیس کاشہر کے مختلف علاقوں میںچھاپے مار کارروائیاں دوزخمی ڈکیت اور4لیاری گینگ وار سمیت33ملزمان گرفتار

بدھ 7 جولائی 2021 13:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2021ء) پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میںچھاپے مار کارروائیوں کے دوران دوزخمی ڈکیت سمیت29ملزمان کو گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ ،منشیات،مسروقہ موٹرسائیکلیں ،گٹکا ودیگر سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح ڈالمیا روڈ کے قریب پولیس نے دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکونظام الدین کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا،ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا،جس کی تلاش جاری ہے۔

ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ،موبائل فون اورنقدی برآمدہوئی ہے۔گلبرگ پولیس نے اسٹریٹ کریمنل پنا گینگ کی3ملزمان محمد حسن عرف مشکا ولد عبدالحکیم،محمد وقاص عرف پِنا ولد محمد ادریس اور سید امیر علی عرف علی ولد سید تاثیر احمد کو گرفتارکرکے اسلحہ، موٹرسائیکل، مسروقہ سامان برآمد کرلیاہے ۔

(جاری ہے)

پولیس نے گلبرگ ہی میں کارروائی کرکے منشیات فروش محمد خرم ولد محمد رفیق احمد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔

حیدری مارکیٹ میں ناظم آباد پولیس نے تین اسٹریٹ کریمنل محمد شاہد ولد محبوب ، محمد علی عرف شاہ صاحب ولد محمد عمران اور عبدالقیوم ولد اکمل حسین کوگرفتارکرلیا۔گبول ٹائون پولیس نے دومنشیات فروشوں محمد محمود ولد محمد بلوچ عرف جان محمد ،اور نظرل بنگالی ولد محمد شمس الحق کو گرفتار کرکے ہیروئین اور آئس برآمد کرلی۔جمشید کورٹر پولیس نے دو منشیات فروش اور موٹرسائیکل لفٹر کو گرفتار کرکے منشیات اور مسروقہ موٹرسائیکل بر آمد کرلی شاہ فیصل کالونی تھانے کی حدود شاہ فیصل نمبر پانچ نزد کربلا امام بارگاہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران پولیس نے ایک ملزم شبیر احمد ولد غلام مصطفی کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ ومسروقہ سامان برآمد کرلیاجبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہوگئے،پولیس نے زخمی ملزم کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا۔

اقبال مارکیٹ پولیس نے منشیات فروش مہران خان،کھارادرپولیس نے دوموٹرسائیکل لفٹرزشہزاد عرف شہریار اور شمریز،منگھو پیر انوسٹی گیشن پولیس نے ڈکیتی میں ملوث چار ملزمان عامر،ایمان الدین،وسیم اور یاسر ،بغدادی اور گارڈن پولیس نے تین ملزمان محمد بشیر ، کاشف اور سمیر احمد اور کلاکوٹ پولیس نے دو ملزمان عبداللہ اور اسامہ کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

کراچی کے علاقے پاک کالونی میں اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار سے وابستہ چار گینگسٹر کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں، ملزمان نارتھ ناظم آباد اور پاک کالونی کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے تھے۔پولیس کے مطابق ملزمان میں ریاض عرف بطخ، توقیر، تنویر اور وشال شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے چار پستول برآمد کرلیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ملزم ریاض عرف بطخ پر دہشت گردی، پولیس مقابلوں ودیگر مقدمات درج ہیں۔