عمران خان کی حکومت کی کارکردگی صرف تقریریں ہی ہیں‘ مخدوم احمد محمود

ہر بجٹ کے بعد وزیر خزانہ کی چھٹی ہو جاتی ہے ،وزیر اعظم کب تک عوام کو بیوقوف بناتے رہیں گے‘ صدر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب

بدھ 7 جولائی 2021 14:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ نااہل سلیکٹڈ حکمران ٹولہ کی جاری عوام دشمن پالیسیوں پر سخت تشویش ہے ،شدید گرمی میںعوام لوڈشیڈنگ سے پریشان ہے لیکن پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹر زناچ رہے ہیں، عمران خان کی حکومت کو تین سال گزر چکے ہیں لیکن ان کی کارکردگی صرف تقریریں ہی ہیں۔

اپنے بیان میں انہو ںنے کہا کہ عمران خان وہ باتیں کرتے ہیں جو پاکستانی قوم کو پہلے سے ہی پتہ ہوتی ہیں، 2019 میں اسد عمر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جس نے بہترین بجٹ بنایا ،2020حفیظ شیخ کو مبارکباد جس نے ریاست مدینہ کے طرز کا بجٹ بنایا اور2021شوکت ترین کو مبارکباد جس نے غریب عوام دوست بجٹ بنایا۔

(جاری ہے)

عمران خان کو پتہ ہی نہیں ہوتا کہ بجٹ میں کیا پیش کیا گیا ،ہر بجٹ کے بعد ہی وزیر خزانہ کی چھٹی ہو جاتی ہے اور یہ کہا جاتا ہے کہ اسد عمر نے معیشت کو تباہ کر گئے حفیظ شیخ مہنگائی بڑھانے کے ذمہ دار تھے، تھوڑے عرصے بعد عمران خان نے اسی طرح کی باتیں شوکت ترین کے بارے میں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں پاکستانی قوم ٹیکس نہیں دیتی قوم سے گزارش ہے وہ جلدی اور زیادہ ٹیکس دے کیونکہ ہم نے اپنے وزیروں کی فوج کے لئے نئی گاڑیوں کے لیے فوری طور پر اربوں روپوں کی ادائیگی کرنی ہے،نااہل سلیکٹڈ وزیراعظم آخر کب تک قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتے رہیں گے ۔