مون سون بارشیں ،راولپنڈی میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر نالہ لئی اور سواں نالہ کے اطراف سے تجاوزات کے خاتمے کے احکامات

منگل 20 جولائی 2021 23:16

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) مون سون بارشوں سے راولپنڈی میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر نالہ لئی اور سواں نالہ کے اطراف سے تجاوزات کے خاتمے کے احکامات جاری کر دیئے۔ ایم پی اے چوہدری محمد عدنان نے نالہ لئی اور سواں نالہ کے اطراف میں قائم تجاوزات اور سرکاری زمین پر قبضے کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان اور پنجاب اسمبلی میں قرارد پیش کی تھی جس پر وزیراعظم عمران خان اور وزیرا علیٰ پنجاب کی جانب سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مون سون بارشوں کی وجہ سے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں سیلا ب کا خطرہ ہے اور نالہ لئی اور سواں نالہ کے اطراف کوٹھہ کلاں کے علاقوں سے سرکاری اراضی کو واگزار کر ا کر خالی کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی پی پی گیارہ سے ایم پی اے چوہدری محمد عدنان کی قرارد میں کہا گیا تھا کہ مون سون بارشوں سے راولپنڈی میں سیلاب کا خطرہ ہے اور نالہ لئی اور سواں نالہ کے اطراف میں تجاوزات قائم کی گئی ہے جس سے پانی کے بائو میں خلل پڑ نے سے نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ایم پی اے چوہدری عدنان کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا گیا تھا جس میں تمام صورتحال سے آگاہ کیا گیا تھا وزیر اعظم اور وزیرا علیٰ پنجا ب نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ نالہ لئی کے اطراف سے فوری طور پر تجاوزات کا خاتمہ کر کے سرکاری جگہ کو واگزار کرا یا جائے۔