سندھ حکومت کا بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ اچھا اقدام ہے، سربراہ پاکستان سنی تحریک

اختیارات جب نچلی سطح پر ہونگے تو عوامی مسائل بھی ہنگامی بنیادوں پر حل ہونگے ،ثروت اعجاز قادری

پیر 26 جولائی 2021 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا بلدیاتی الیکشن کرانے کا فیصلہ اچھا اقدام ہے ،پاکستان سنی تحریک اختیارات کا نچلی سطح تک منتقلی چاہتی ہے ،اختیارات جب نچلی سطح پر ہونگے تو عوامی مسائل بھی ہنگامی بنیادوں پر حل ہونگے ،عیدالاضحی گذر گئی مگر آج بھی شہر میں الائشوں کی وجہ سے فضاتعفن زدہ ہے ،صفائی ستھرائی کا نظام پہلے ہی ناکارہ اور پانی کی نکاسی کا سسٹم بوسیدہ ہے ،حکومت کراچی کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے ،کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بن کیا جائے ،وفاقی وصوبائی حکومت کی کراچی کے ساتھ زیادتی پر تشویش ہے دعوئوں سے کام نہیں چلے گا کراچی کو ماڈل بنایا جائے ،سندھ حکومت بھی کراچی کے عوام کو سہولیات مہیا کرنے میں ناکام ہے ،ہلکی سی بارش نے کراچی کا برا حال کردیا جبکہ ابھی مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا ،بارشوں سے کوئی نقصان ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی ،عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا نہیں ہسپتالوں میں دوائیاں نہیں مہنگائی آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے ،حکمران غربت کے بجائے غریب کو ختم کرنے کی پالیسی پر گا،مزن ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ بجٹ کے بعد بھی پیٹرولیم مصنوعات میں کئی بار اضافہ کردیا گیا ،غریب کو بھوک وافلاس کی طرف دھکیل کر ختم کیا جارہا ہے ،کراچی کے ساتھ ہونیوالی والی زیادتی پر خاموش نہیں رہینگے ،انہوں نے کہا کہ کراچی کا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں کیا جاتا ہے ،مگر ناقص پالیسیوں اقرباء پروری نے کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے ،سندھ حکومت کراچی کی تعمیر ترقی کیلئے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی طور پر کام کرے ۔