سعودی عرب پر ایک بار پھر ڈرون طیارے سے حملہ

حوثیوں کی جانب سے داغا گیا بارود بردار ڈرون ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 29 جولائی 2021 14:19

سعودی عرب پر ایک بار پھر ڈرون طیارے سے حملہ
 ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جولائی2021ء ) سعودی عرب پر گزشتہ چند ہفتوں سے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں بہت زیادہ تیزی آ گئی تھی۔گزشتہ کئی روز سے حوثیوں کی جانب سے تقریباً روزانہ سعودی مملکت پر ڈرونز، گولے اورمیزائل داغے جا رہے ہیں۔ خوش قسمتی سے زیادہ تر حملوں کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا جاتا ہے۔

اب ایک بار پھر عرب فوجی اتحاد نے بہترین کارکردگی اور مستعدی دکھاتے ہوئے سعودی عرب کو ممکنہ تباہی سے بچا لیا ہے۔ عرب فوجی اتحاد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی مملکت پر گزشتہ روز ایک بار پھر ڈرون طیارے سے حملہ کیا گیا ہے۔ تاہم اس بارود بردار ڈرون طیارے کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر دیا گیا۔ دو روز قبل بھی یمن کی حوثی ملیشیا نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے جازان کے علاقے میں ایک ہی روز میں 4 بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا اور 2 بارود بردار ڈرونز بھی بھیجے گئے تھے تاہم مستعد سعودی فضائیہ نے ان تباہی پھیلانے والے میزائلوں اور ڈرونز کو راستے میں ہی تباہ کر دیا۔

(جاری ہے)

اگر یہ ہدف پر پہنچ جاتے تو بڑی تباہی ہو سکتی تھی۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ایک ہی رات میں جنوبی سعودی عرب پر حوثیوں کے چھ حملے ناکام بنائے گئے تھے۔ عرب اتحاد نے بیان میں کہا کہ ’حوثی ملیشیا دانستہ طور پر شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنا کر اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ بین الاقوامی قانون کے مطابق عام شہریوں کو خطرے سے بچانے کے لیے تمام عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

چند روز قبل یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودیہ یمن سرحد کے قریب ایک گاوٴں کی آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش تھی۔ اس مقصد کے لیے جازان کے سرحدی گاوٴں پر پانچ گولے (پروجیکٹائل) داغے گئے جو کہ خوش قسمتی سے آبادی سے کچھ میٹر دْور ایک سڑک کے آس پاس آ گرے، جہاں اس وقت کوئی ٹریفک نہیں گزر رہی تھی، ورنہ جانی نقصان کا المیہ پیش آ سکتا تھا۔جازان کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان مھند زیلعی نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ گاؤں کی ایک بڑی سڑک کے قریب پانچ گولے دکھائی دیئے ہیں۔شہری دفاع کے عملے نے فوراً پہنچ کر دیکھا تو یہ پروجیکٹائل تھے۔ جو خوش قسمتی سے آبادی سے خالی زمین پر آ گرے تھے، جس کی وجہ سے کوئی افسوس ناک واقعہ پیش نہیں آیا۔