چینی، کوکنگ آئل، گھی سمیت 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

گزشتہ ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.03 فیصد اضافہ ریکارڈ، سالانہ بنیاد پر مہنگائی 12.20 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 30 جولائی 2021 21:19

چینی، کوکنگ آئل، گھی سمیت 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جولائی2021ء) چینی، کوکنگ آئل، گھی سمیت 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ، گزشتہ ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.03 فیصد اضافہ، سالانہ بنیاد پر مہنگائی 12.20 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اعشاریہ سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.03 فیصد اضافہ ہوا ۔

ادارہ شماریات رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر مہنگائی 12.20 فیصد پر ریکارڈ کی گئی ،گزشتہ ہفتہ میں ایل پی جی کی قیمت میں 9.58 فیصد، ٹماٹر 6.64 فیصد، انڈے 3.52 فیصد مہنگے ہو گئے ،پٹرول 4.73 فیصد ،بناسپتی گھی 2.52 فیصد، پیاز کی قیمت میں 2.34 فیصد بڑھ گئی ،ڈیزل 2.30 فیصد، بناسپتی گھی 1.81 فیصد، چینی 1.49 فیصد،اورکوکنگ آئل کی قیمت میں 1.23 فیصد اضافہ ہوا ،گزشتہ ہفتہ روزمرہ استعمال کی 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ 6 کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا، چکن کی قیمت میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 18.35 فیصد، کیلا کی قیمت میں 1.32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، دال مونگ 1.32 فیصد، آلو 1.23 فیصد، دال ماش 0.58 فیصد اوردال چنا کی قیمت میں 0.06 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حکومت نے یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کر دیا۔ خصوصی شہباز گل نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اعلان کیا کہ اوگرا کی سفارش پر پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1.71 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی اور کسان زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لئے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست سے ہو گا۔ شہباز گل نے مزید کہا کہ 26 جولائی کے ڈیٹا کے مطابق دنیا میں 27 ممالک میں پٹرول کی قیمت پاکستان سے کم اور 140 ممالک میں پاکستان سے زیادہ ہے۔ دنیا میں پٹرول کی اوسط قیمت 1.19 ڈالر فی لٹر لیکن پاکستان میں پٹرول کی قیمت 0.72 ڈالر فی لیٹر ہے۔ دنیا میں پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ 47 فیصد ہوا لیکن پاکستان میں 11فیصد ہوا۔