عامر لیاقت کیخلاف ٹریفک پولیس نے مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کر لیا

عامر لیاقت لاک ڈاؤن پابندیوں کو جواز بنا کر ٹریفک پولیس افسر پر برس پڑے تھے

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 3 اگست 2021 07:30

عامر لیاقت کیخلاف  ٹریفک پولیس نے مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کر لیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 03 اگست 2021ء )  تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کے خلاف ٹریفک پولیس نے مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس حکام پی ٹی آئی ایم این اے عامر لیاقت کے خلاف مقدمہ درج کروانے فیروز آباد تھانے پہنچ گئے، واضح رہے کہ عامر لیاقت لاک ڈاؤن پابندیوں کو جواز بنا کر شہریوں سے ہتک آمیز سلوک کرنے والے ٹریفک پولیس افسر پر برس پڑے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فیروز آباد ٹریفک سیکشن نے عامر لیاقت کے خلاف روزنامچہ انٹری کروادی، دیکھتے ہیں ڈسٹرکٹ پولیس مقدمہ درج کرتی ہے یا نہیں۔
روزنامچہ انٹری میں کہا گیا ہے کہ آج ساڑھے 4 بجے شارع قائدین پر افسر انتظام ڈیوٹی پر تھے، ایک کار آئی، کار سے تین افراد اترے اورہم سے بدتمیزی کرنے لگے، ایک شخص نے اپنا نام ایم این اے عامر لیاقت حسین بتایا، اس نے ہم سے گالم کلوچ کی، کہنے لگے یہ میرا علاقہ ہے تم لوگ یہاں کیا کررہے ہو۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس اہلکار نے روزنامچے میں لکھوایا کہ عامر لیاقت کہنے لگے تم لوگ مقامی نہیں ہو یہاں سے دفع ہوجاؤ، اہلکار نے ان کو اپنا کورونا، شناختی کارڈ چیک کروایا تو کہنے لگے یہ ٹھیک نہیں، کہنے لگے تمہارے بالا افسران سے تم کو برطرف کرادیں گے، اس کے بعد وہ دھمکیاں دیتے ہوئے چلے گئے۔ڈاکٹرعامر لیاقت حسین ویکسینیشن کارڈز کے معاملے پر بیچ سڑک پر پولیس اہلکاروں سے الجھ پڑے تھے اور اپنے ہی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پولیس سے جھگڑے کی ویڈیو شیئر کردی تھی۔

ویڈیو میں عامرلیاقت کو پولیس اہلکاروں کے سامنے کھڑے ہو کر زور زور سے بولتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ عامر لیاقت نے لکھا تھا کہ اپنے حلقے میں پولیس کی پیداگیری نہیں چلنے دوں گا۔ پولیس والے عوام کوروک روک کر پیسے مانگ رہے تھے۔انہوں نے لکھا تھا کہ لاک ڈاؤن پولیس والوں نے منہ کھلا رکھا ہوا ہے پورا دن کئی ٹریفک پولیس اور پولیس اہلکاروں کو پکڑا ہے۔