ایران کے اسلامی مشاورتی اسمبلی کے اسپیکر محمد باغر غالیباف سے چیئرمین سینیٹ کی ملاقات

ًمختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ،بالخصوص اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

جمعرات 5 اگست 2021 22:46

ایران کے اسلامی مشاورتی اسمبلی کے اسپیکر محمد باغر غالیباف سے چیئرمین ..
!تہران/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2021ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے تہران میں اسلامی مشاورتی اسمبلی کے اسپیکر محمد باغر غالیباف سے ملاقات کی۔ارکان پارلیمنٹ اور پاکستان ایران فرینڈشپ گروپ بھی ملاقات میں موجود تھا۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔

ملاقات میں مختلف مسائل پر مشترکہ افہام و تفہیم پیدا کرنے کیلئے پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے درمیان تعاون کو سراہا۔ صادق سنجرانی نے اسپیکر غالیباف کو جلد سے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے افغانستان، جے سی پی او اے (جوائنٹ کمپریہینسیو پلان آف ایکشن) اور مشترق وسطحی سمیت علاقائی اور بین الاقوامی مسائل مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو آسان بنانے کے لیے سرحدی منڈیوں کی تشکیل کو سراہا گیا۔ 6 جولائی 2021 سے ایران سے گوادر، تربت اور پنجگور اور حال ہی میں مکران ڈویژن کو بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فریقین نے اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کا مقابلہ کرنے اور علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے کے حوالے سے عزم کو دہرایا۔

چیئرمین سینیٹ نے سرحدی علاقوں میں بجلی کی بندش اور سرحدی تجارت کے لیے سرحدی راستے کھولنے سے متعلق دو اہم مسائل پر روشنی ڈالی۔چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ سرحدی علاقوں میں بجلی کی بندش انتہائی تشویش کا مسئلہ ہے۔ ایرانی حکام نے سرحدی علاقوں میں بجلی کے مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے امادگی کا اظہار کیا۔ملاقات میں سرحدی تجارت کے لیے چھ سرحدی راستے کھولنے پر بھی اتفاق کیا گیا جس میں تین تجارتی راستے فوری طور پر جبکہ بقیہ تین تجارتی راستے بعد میں مناسب وقت پر کھولے جائیں گے۔

اسپیکر غالیباف نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے حوالے سے عزم کا اعادہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ایرانی قیادت کی طرف سے کشمیری عوام کی مسلسل حمایت کو بھی سراہا۔