پولیس نارکوٹکس ایریڈیکیشن ٹیم اور تھانہ پشتخرہ پولیس کی مشترکہ کارروائی،منشیات فیکٹری سیل،6 ملزمان گرفتار، منشیات کی بھاری کھیپ برآمد

ہفتہ 14 اگست 2021 00:42

پشاور(آن لائن) پولیس نارکوٹس ایراڈیکیشن ٹیم نے تھانہ پشتخرہ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران علاقہ تاج آباد کے ایک رہائشی گھر میں قائم منشیات فیکٹری سیل کردی، فیکٹری میں منشیات تیار کرنے کے بعد پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں کو سپلائی کی جاتی تھی، کاروائی کے دوران ہمسایہ ملک افغانستان سے تعلق رکھنے والے چار ملزمان سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ فیکٹری سے 14 کلوگرام سے زائد ہیروئن، سینکڑوں عدد ایچ ٹی سی (نشے کی گولیاں) ، میکسچرز،ڈیجیٹل سکیلز اور دیگر سامان بھی برآمد کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہیروئن اور دیگر منشیات ملک کے مختلف شہروں کو سپلائی کرنے کا اعتراف کرلیا ہے جنہوں نے دوران تفتیش پورے نیٹ ورک کی نشاندہی کرا دی ہے جن کی گرفتاری کی خاطر کی خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس نارکوٹکس ایریڈیکیشن ٹیم (NET) اور ایس ایچ او تھانہ پشتخرہ حفیظ الرحمان نے خفیہ اطلاع پر علاقہ تاج آباد میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فیکٹری سیل کی ہے ، فیکٹری عامر نامی شہری کے رہائشی مکان میں قائم کی گئی تھی جہاں سے منشیات تیار کرنے کے بعد ملک کے مختلف شہروں کو سپلائی کی جاتی تھی، کارروائی کے دوران 6ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے چار کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان سے ہے، ملزمان میں عامر ولد شاہ ولی ،حضرت خان ولد سیدآ مین،نورستان ولد گل آمین،یوسف ولد محمد آمین ساکنان افغانستان،امین اللہ ولد آئین خان اور طارق ولد امین خان ساکنان ضلع خیبر شامل ہیں، فیکٹری سے 14 کلوگرام سے زائد ہیروئن، سینکڑوں عدد ایچ ٹی سی (نشے کی گولیاں) ، میکسچرز،ڈیجیٹل سکیلز اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات تیار کرنے کے بعد ملک کے مختلف شہروں کو سپلائی کرنے کا اعتراف کرلیا ہے جنہوں نے دوران تفتیش پورے نیٹ ورک کی نشاندہی کرا دی ہے جن کی گرفتاری کی خاطر کی خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے