سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی قوم کو 74ویں یومِ آزادی پر مبارک باد

پاکستان لاکھوں لوگوں کی قربانیوں اور عظیم جدوجہد کا ثمر ہے، تعبیر جمہوریت آئین و قانون کی حکمرانی کا پرچم بلند رکھنے اور ترقی پسند و روادار معاشرے کے تسلسل میں ہے، بیان

ہفتہ 14 اگست 2021 13:40

سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی قوم کو 74ویں یومِ آزادی پر مبارک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2021ء) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری / صدر پاکستان جسٹس و ڈیموکریٹک پارٹی نے قوم کو 74ویں یومِ آزادی پر مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں میں کہا کہ14اگست ہماری صدیوں کی آرزوئوں اور خوابوں کی تعبیر کا دن ہے اور اس مملکتِ خدادادِ پاکستان کو باوقار بنانے کے لیے اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ اپنے اور آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے یک جان ہو کر بانیانِ پاکستان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اندھیروں کا خاتمہ کریں ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پاکستان لاکھوں لوگوں کی قربانیوں اور عظیم جدوجہد کا ثمر ہے جس کی تعبیر جمہوریت آئین و قانون کی حکمرانی کا پرچم بلند رکھنے اور ترقی پسند و روادار معاشرے کے تسلسل میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے اس تاریخی دن پر ہم سب کو اس بات کا عہد کرنا ہے کہ ملک و قوم کے مستقبل کو سرِفہرست رکھنا اور اسکی سلامتی و بقا کو اپنے منشور کا بنیادی نقطہ بنانا ہے۔

سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ آج ہم جو آزادی کی نعمت سے سرفراز ہیں اسکے پیچھے لاکھوں شہیدوں کی قربانیاں اور لازوال داستانیں رقم ہیںجس پر ہمیں فخر کرنے کے ساتھ خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہمارا نام آزاد قوموں کی فہرست میں ہے اور یومِ آزادی حکومت و قوم کو قومی ذمہ داریوں کی یاد دلاتی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر، سیاچن، سرکریک شامل ہیں ۔سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے دعا دی کہ اللّٰہ تعالی تمام اہلِ وطن کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔آمین