سندھ میں تعلیمی ادارے مزید بند رہنے کا امکان

محکمہ صحت سندھ کے الرٹ کے بعد صوبے میں تعلیمی ادارے کھولنے کے اعلان پر نظرثانی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے سکول مزید ایک ہفتے نہ کھولنے کا اعلان کردیا ، تعلیمی ادارے 30 اگست سے کھولے جائیں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 20 اگست 2021 14:41

سندھ میں تعلیمی ادارے مزید بند رہنے کا امکان
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 اگست 2021ء ) صوبہ سندھ میں تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں کورونا سے صورت حال قابوسے باہر ہونے پر سکول مزید ایک ہفتے نہ کھولنے کا اعلان کردیا۔  تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں تعلیمی ادارے مزید ایک ہفتے نہیں کھولیں گے ، تعلیمی ادارے 30 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ، ایک ہفتے میں والدین ، اساتذہ ، سٹاف ویکسین لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ ہمیں اپنے حصے کا پانی دیں ، اس وقت ہمیں 19 فیصد شارٹیج ملی ہے ، ارسا کو ہمارے ساتھ تعاون کرنا پڑے گا ، اگر ارسا اپنی مرضی سے فیصلے کرتا رہا تو یہ بحران شہروں میں پینے کے پانی تک پہنچ جائے گا ، کینجھر جھیل پر پانی کا لیول 47 اعشاریہ 2 ہے ، کوٹری پر 36 ہزار کیوسک پانی آرہا ہے ، ایک ہفتے بعد کم ہو جائے گا ، کینجھر کو بھی پانی کم ملے گا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں کورونا کیسز میں اضافے کا الرٹ جاری کیا ، جس میں کہا گیا  کہ حالیہ دنوں میں ایس او پیز پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے ، محکمہ صحت سندھ کے الرٹ کے تحت صوبے میں تعلیمی اداروں کو کھولنے کے اعلان پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ، جس کے باعث سندھ میں 23 اگست سے اعلان کردہ تعلیمی اداروں میں کلاسز کا تدریسی عمل بحال نہیں کیا جائے گا ، تعلیمی ادارے 30 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سندھ حکومت نے صوبے بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا ، اس ضمن میں سندھ میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس ہوا ، جس میں کراچی سمیت سندھ میں پیر 23 اگست سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ، تاہم اس ضمن میں اسٹیئرنگ کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جن اسکولوں میں ویکسی نیشن 100فیصد ہے وہ اسکول کھول سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے سندھ حکومت نے تعلیمی ادارے مزید بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا ، یہ فیصلہ محکمہ تعلیم اورمحکمہ بورڈ اینڈ یونیورسٹیز کے اجلاس میں کیا گیا تھا ، جس میں وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ ، وزیر جامعات اسماعیل راہو اور دیگر نے شرکت کی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تعلیمی ادارے مزید رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت صوبہ سندھ میں تعلیمی ادارے عاشورہ تک بندرہیں گے تاہم اس دوران امتحانات کاسلسلہ جاری رہے گا اور 6 محرم تک صوبے میں امتحانات ہوں گے تاہم اب سندھ حکومت نے صوبے بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کرلیا اور پیر 23 اگست سے 50 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔