ڈرائیونگ سیکھنے کا شوق، سعودی لڑکی نے گاڑی دُکان سے ٹکرا دی

ریاض میں پیش آنے والے واقعے میں ایک شخص گاڑی کے نیچے آ گیا، تاہم اس کی جان بچ گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 26 اگست 2021 07:44

ڈرائیونگ سیکھنے کا شوق، سعودی لڑکی نے گاڑی دُکان سے ٹکرا دی
 ریاض (اْردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26اگست2021ء ) سعودی عرب میں جون 2018ء سے خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ کئی دہائیوں تک خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی عائد رہنے کی وجہ سے کچھ خواتین کی ابھی ڈرائیونگ کی وہ پریکٹس نہیں ہے جو ماہر تجربہ کار مرد ڈرائیورز کی ہوتی ہے۔ گزشتہ روز سعودی عرب کی ایک دُکان میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک گاڑی بے قابو ہو کر دُکان میں جا گُھسی۔

سعودی میڈیا کے مطابق یہ گاڑی ایک مقامی خاتون چلا رہی تھی۔ یہ واقعہ ریاض میں پیش آیا جہاں ایک سعودی لڑکی گاڑی چلانا سیکھ رہی تھی۔ اسی دوران اس کی ناتجربہ کاری کی وجہ سے گاڑی قابو سے باہو ہو گئی اور سڑک کنارے ایک دُکان کا شیشہ توڑتے ہوئے اندر جا گھُسی جس کی وجہ سے ایک شخص گاڑی کے نیچے آ گیا تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ گاڑی کی ٹکر سے دُکان کا فرنٹ شیشہ ٹوٹ گیا۔

لڑکی کا کہنا تھا کہ اس سے بریک نہیں لگی، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بھی سعودیہ میں اس وقت خوفناک صورت حال پیدا ہوگئی جب ایک مقامی خاتون کی گاڑی بے قابو ہو کر پٹرول اسٹیشن سے جا ٹکرائی جس کے بعد خاتون کی گاڑی اور پٹرول کیبن میں خوفناک آگ بھڑک اْٹھی تاہم خاتون کو فوری طور پر گاڑی سے نکا ل لیا گیا اور وہاں پٹرول بھروانے کے لیے موجود دیگر گاڑیوں کو بھی پرے ہٹا لیا گیا اور عملے کی جانب سے آگ بجھانے والے آلات کا استعمال بھی کیا گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی خاتون ’جیمز‘ ماڈل کی گاڑی چلا رہی تھی۔اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں خاتون کی گاڑی کے پٹرول کیبن سے ٹکرانے کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ خاتون ڈرائیور کے ایک عزیز کا کہنا تھا کہ خاتون گاڑی چلانے کی ماہر ہے اور ریاض شہر کی رہائشی ہے۔ وہ عید کی تعطیلات منانے الافلاج شہر آئی تھی،جہاں وہ شہزادہ محمد عبدالعزیز شاہراہ پر پٹرول بھروانے کے لیے پٹرول اسٹیشن میں داخل ہوئی تو گاڑی اس کے قابو سے باہر ہو گئی، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔