ڈی جی آئی ایس آئی کی میزبانی میں مختلف ممالک کے انٹیلی جنس چیفس کی بیٹھک

انتہائی اہم نشست میں پاکستان، چین، ایران، روس، تاجکستان،ازبکستان، ترکمانستان اورقازقستان کا افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال، تمام انٹیلی جنس چیفس کا خطے میں دیرپا امن اور استحکام کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 11 ستمبر 2021 17:36

ڈی جی آئی ایس آئی کی میزبانی میں مختلف ممالک کے انٹیلی جنس چیفس کی بیٹھک
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11ستمبر2021ء) پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی میزبانی میں خطے کے مختلف ممالک کے انٹیلی جنس چیفس کی بیٹھک ہوئی، جس میں پاکستان، چین ، ایران، روس اور تاجکستان نے علاقائی اور افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر غور کیا، تمام انٹیلی جنس چیفس نے خطے میں دیرپاامن اور استحکام کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے کے حوالے سے بھی غور کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان، چین ، ایران، روس، تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور قازقستان کے انٹیلی جنس چیفس کی اسلام آباد میں بیٹھک ہوئی، بیٹھک ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی میزبانی میں ہوئی۔ انتہائی اہم نشست میں پاکستان، چین ، ایران، روس اور تاجکستان ودیگر ممالک کے انٹیلی جنس چیفس کے درمیان افغانستان کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سمیت دیگر ممالک کے انٹیلی جنس چیفس نے خطے میں دیرپاامن اور استحکام کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے سے متعلق مشاورت کی۔ خفیہ ایجنسیوں کے سربراہان کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ پر اتفاق کیا گیا اور انٹیلی جنس شیئرنگ کا میکانزم بھی تیار کیا گیا۔