چیف آف نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ کا کل سے کراچی میں آغاز

منگل 21 ستمبر 2021 00:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) تیسرا چیف آف نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ کل(منگل)سے کراچی میں شروع ہوگا، فاتح ٹیم کو 17 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی، تمام میچزعبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

(جاری ہے)

عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں پیٹرن پاکستان نیوی ہاکی کموڈور کاشف منیر پی ایچ ایف کے کوآرڈی نیٹر حیدر حسین اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپیئن ناصر علی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ چیف آف نیول اسٹاف ہاکی ٹورنامنٹ 21 سے 28 ستمبر کراچی میں کھیلا جائے گا، جس میں آٹھ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

ایونٹ میں پاکستان نیوی، پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فروس، واپڈا، نیشنل بینک، ماڑی پیٹرولیم پورٹ قاسم اور پنجاب کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔فاتح ٹیم کو 17 لاکھ، رنر اپ ٹیم کو 13 جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔پریس کانفرنس کے اختتام پر چیمپئن شپ کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔