صدر مملکت سے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ کے ریجنل ڈائریکٹر کی ملاقات

قدرتی آفات میں متاثرین کو بروقت امداد پہنچانے کیلئے ہلال احمر اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے مابین تعاون ضروری ہے، صدر مملکت

جمعرات 23 ستمبر 2021 00:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے مناسب طریقے سے نمٹنے کیلئے طلباء اور رضاکاروں کو تربیت دینے کی ضرورت ہے ، قدرتی آفات میں متاثرین کو بروقت امداد پہنچانے کیلئے ہلال احمر اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے مابین تعاون ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ کے ریجنل ڈائریکٹر ، الیگزینڈر میتھیوس سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر چیئرمین انجمن ہلال احمر پاکستان ، ابرار الحق بھی موجود تھے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ قدرتی آفات سے مناسب طریقے سے نمٹنے کیلئے طلباء اور رضاکاروں کو تربیت دینے کی ضرورت ہے ، قدرتی آفات میں متاثرین کو بروقت امداد پہنچانے کیلئیہلال احمر اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے مابین تعاون ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان نے کورونا کے دوران عوام کو صحت کی سہولیات پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ، حکومت کی کورونا کے دوران کامیاب سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کی وجہ سے صورتحال قابو میں رہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے دوران کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فنڈ مختص کئے۔ صدر مملکت نے ہلال احمر پاکستان کو معاونت فراہم کرنے پر انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے کردار کو سراہا۔