چودھری ظہورالٰہی شہید ہمیشہ مظلوم طبقے کی آواز بنے اور استحصالی طبقے کے خلاف نبرد آزما رہے‘چودھری پرویزالٰہی

سیاست میں رواداری کو فروغ دے کر چودھری ظہورالٰہی شہید کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں، وہ چاروں صوبوں کی آواز تھے‘ چودھری شجاعت حسین کا ظہورالٰہی شہید کی 40 ویں برسی کے موقع پر پیغام

ہفتہ 25 ستمبر 2021 22:29

چودھری ظہورالٰہی شہید ہمیشہ مظلوم طبقے کی آواز بنے اور استحصالی طبقے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے چودھری ظہورالٰہی شہید کی 40 ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سیاست میں رواداری کو فروغ دے کر چودھری ظہورالٰہی شہید کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں، وہ چاروں صوبوں کی آواز تھے، وہ جو بات بھی کرتے تھے پہلے خود اس پر عمل کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی شہید نے ساری زندگی حق گوئی، جدوجہد اور جستجو میں بسر کی، انہوں نے تحریک ختم نبوتؐ سمیت پاکستان کے حق میں ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور عوام سے دوستی کو ترجیح دی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ اللہ ہمیں ایسے کاموں کی توفیق دے جس سے اللہ اور اس کی مخلوق راضی ہو جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی شہید ہمیشہ مظلوم طبقے کی آواز بنے اور استحصالی طبقے کے خلاف نبرد آزما رہے، وہ اصولوں پر کسی بھی طرح کی مفاہمت کے قائل نہ تھے، وہ دردمند دل رکھنے والی شخصیت تھے یہی وجہ ہے کہ آج 40 سال بعد بھی ان کا نام عزت و احترام کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ تقریب میں سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، سابق ضلع ناظم گجرات چودھری شفاعت حسین، وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی، سالک حسین ایم این اے اور شافع حسین سمیت بڑی تعداد میں پارٹی رہنما و کارکن شریک تھے۔

چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے برسی میں شرکت کرنے والے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی شرکت اور چودھری ظہورالٰہی شہید سے محبت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی یاد ہمیشہ ہمارے اور عوام کے دلوں میں زندہ رہے گی، آج کے دن لوگ دور دور سے ان کی یاد منانے اکٹھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ارکان پنجاب اسمبلی چودھری عبداللہ یوسف، چودھری شجاعت نواز اجنالہ سمیت سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، خالد اصغر گھرال، چودھری سعادت نواز اجنالہ، عاطف عظمت سید، پیر شمیم بخاری، چودھری ضیا ء اللہ وڑائچ ویگر بھی موجود تھے۔

چودھری ظہورالٰہی شہید اور خاندان کے دیگر مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا اور چودھری شجاعت حسین کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔