سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی گئی

یوسف رضا گیلانی کا نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث انہیں بیرون ملک جانے سے روکا گیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 6 اکتوبر 2021 13:51

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 اکتوبر 2021ء) : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا ہے۔ یوسف رضا گیلانی کے اسٹاف کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اٹلی میں کانفرنس میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ یوسف رضا گیلانی کا نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث انہیں بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا گیا۔

اسٹاف کے مطابق ائیرپورٹ امیگریشن کروائی تو کہا گیا کہ یوسف رضا گیلانی کا نام ای سی ایل میں ہے۔ یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے توقیرصادق کی چئیرمین اوگرا تعیناتی کیس میں یوسف رضا گیلانی کا نام ای سی ایل پر رکھا تھا۔ یوسف رضا گیلانی کا نام 2013ء میں نیب کی سفارش پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا، ان کا نام توقیر صادق کی بطور چیئرمین اوگرا تعیناتی کی وجہ سے ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا جبکہ یوسف رضا گیلانی کو 2020ء میں ون پرمشن پر بیرون ملک جانے کی اجازت پہلے ہی مل چکی تھی۔

(جاری ہے)

یوسف رضا گیلانی کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے اور بیرون ملک روانہ ہونے سے روکنے پر پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے احتجاج کیا اور کہا کہ یوسف رضا گیلانی انٹر پارلیمانی یونین کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی کے لیے روم جارہے تھے، وفد میں 5 اراکین قومی اسمبلی اور 5 سینیٹرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ رات کے وقت ای سی ایل میں نام ہونے کی تصدیق کے بعد وہ ایئرپورٹ نہیں گئے۔

رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان کہنا تھا کہ جیل سے سزا یافتہ مجرموں کو ملک سے باہر جانے دیا جاتا ہے لیکن پیپلزپارٹی کے رہنماؤں پر قدغنیں ہیں، ملک میں ایک نہیں 2 نظام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک سابق وزیراعظم ای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود ملک سے باہر جاسکتے ہیں تو دوسرے کیوں نہیں؟