نیشنل پارٹی کی عوامی جیت کو صحبت پور میں ٹھپہ بازی سے ہرایا گیا ،ڈاکٹر مالک بلوچ

اگلے الیکشن میں ہم عوامی طاقت سے ٹھپے بازی کو روکیں گے، کل بھی صحبت پور نیشنل پارٹی کا تھا آج بھی ،سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان

جمعرات 7 اکتوبر 2021 23:34

صحبت پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2021ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے نیشنل پارٹی صحبت پور ورکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی کی عوامی جیت کو صحبت پور میں ٹھپہ بازی سے ہرایا گیا اگلے الیکشن میں ہم عوامی طاقت سے ٹھپے بازی کو روکے گے کل بھی صحبت پور نیشنل پارٹی کا تھا آج بھی اور کل بھی نیشنل پارٹی کا ہے۔

نیشنل پارٹی عوامی جماعت ہے اور عوامی بالادستی کو صحبت پور میں قائم کرکے رہے گی۔اگر مسلط شدہ حکمرانوں کے اوپر سے ہاتھ اٹھایا جائے اور انتخابات شفاف ہو تو سیاسی کارکن ان کی ضمانتیں ضبط کرادے گے۔ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ تجربات و منفی پالیسیوں سے ملک نہیں چلایا جاسکتا۔اج ملک ہر قسم کی بحرانوں کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

خارجی و عالمی طور پر مکمل تنہائی سے دوچار ہے۔

ائے روز پیڑول گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کا خون نچوڑا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی شرائط مسلط کرکے عوام کی زندگیوں کو مہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے۔کاروبار کو برباد کیا گیا ہے بیروزگاری عروج پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک اور عوام کی خوشحالی کو صرف اور صرف جمہور کی حکمرانی سے ممکن کیا جاسکتا ہے۔

اس کے لیے انتخابات میں مداخلت اور مسلط شدہ نمائندوں کو لانے کے منفی عمل کو ختم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ملک میں عوامی فلاحی ریاست کی قیام کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔جہاں عوام کا دکھ ریاست کا دکھ ہو اور اس کا مداوا ریاست کی ذمہداری ہو۔انہوں نے کہا کہ ورکرز کانفرنس کے تسلسل کا مقصد پارٹی کارکنوں کے سننا اور ان کے سوالات کے جوابات اور تجاویز کو مرتب کرکے پارٹی اداروں میں لانا ہے۔

کارکن قومی کانگرس بنام میر جمہوریت میر حاصل خان بزنجو کی تیاری کریں۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ چاچا اللہ بخش بزدار میر دوران خان کھوسہ میر رفیق احمد کھوسہ سردارزادہ صنان خان گولہ حاجی غلام محمد گولہ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔صحبت پور کے جنرل سیکرٹری نصیر بلیدی نے سیکرٹری رپورٹ پیش کیا۔