اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آبادسمیت صوبہ کے 9 تعلیمی بورڈز دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان ہفتے کو کریں گے

جمعہ 15 اکتوبر 2021 11:51

اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آبادسمیت صوبہ کے  9 تعلیمی بورڈز  دسویں ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2021ء) اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آبادسمیت صوبہ کے تمام 9 تعلیمی بورڈزسرگودھا، ساہیوال، ملتان، گوجرانوالہ،ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، راولپنڈی،لاہور دسویں جماعت کے نتائج اعلان آج16 اکتوبر بروز ہفتہ کی شام 5 بجے کریں گے جبکہ مذکورہ رزلٹ بیک وقت ویب سائٹس پر جاری کئے جائیں گے اور ان کی سی ڈیز بھی تیارکی گئی ہیں نیز طلبا و طالبات گھر بیٹھے موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے بھی اپنا نتیجہ حاصل کرسکیں گے۔

پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کے سیکرٹری اویس سلیم ہمایوں نے اے پی پی کو بتایا کہ حکومت کی کووڈ پالیسی کے مطابق نتائج انتہائی شفاف طریقے سے بھرپور محنت کے ساتھ تیار کئے گئے ہیں لیکن اس بار پوزیشن ہولڈرز کا اعلان نہیں کیا جا ئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دسویں جماعت کے امتحان سالانہ 2021 کے نتائج معلوم کرنے کے لئے طلبہ  اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد کیلئے اپنا رول نمبر 800240پر،ڈیرہ غازی خان بورڈ کے طلبا 800295،گوجرانوالہ کے 800299،راولپنڈی کے 800296، بہاولپور کے 800298،سرگودھا کے 800290،ساہیوال کے800292 اور ملتان کے طلبا و طالبات اپنا رول نمبر800293 پر بذریعہ ایس ایم ایس سینڈ کر کے اپنا نتیجہ گھر بیٹھے معلوم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ نتائج متعلقہ بورڈ ز کی ویب سائٹس اور سی ڈیز پر بھی جاری کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ  کلاس دہم کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان آج شام 5بجے کیا جائے گا۔دریں اثنا چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین نے اے پی پی کو بتایا کہ ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے زیراہتمام ہونے والے امتحان میٹرک کلاس دہم و کمپوزٹ سالانہ 2021 کے نتائج ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی ویب سائٹ www.bisefsd.edu.pk پر ملاحظہ کرنے کے علاوہ ایس ایم ایس سروس کے ذریعے بھی معلوم کئے جاسکیں گے  اور اس کے لئے  امیدوار موبائل فون پر اپنا رول نمبر لکھ کر 800240پر ایس ایم ایس سینڈ کریں گے جس کے فوری بعد اسے رزلٹ سے متعلق جوابی ایس ایم ایس موصول ہو جائے گا۔

چیئرپرسن بورڈ نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق طلباوطالبات کے مسائل حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ نتائج بھی انتہائی محنت،ذمہ داری، احتیاط اور صوبائی کابینہ سے منظور شدہ کووڈ19 امتحانی پالیسی کے تحت مرتب کئے گئے ہیں تاکہ کسی بچے کی حق تلفی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی امتحانی پالیسی دیکھنا چاہے تو وہ ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی ویب سائٹ سے ملاحظہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے یہ آپشن بھی دی ہے کہ جو بچے اپنے موجودہ رزلٹ سے مطمئن نہ ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد15 دن کے اندر اپنا رزلٹ کینسل کروا کے سپیشل امتحان میں شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل امتحان میں ایسے بچے بھی شرکت کر سکیں گے جن کا آخری چانس تھا اوروہ کسی وجہ سے امتحان میٹرک سالانہ 2021 میں شمولیت اختیار نہیں کر سکے تھے یا وہ طلبہ جن کے کالجز نے ایف گریڈیا کسی اور وجہ سے ان کے داخلے روک رکھے تھے وہ بھی سپیشل امتحان میں شامل ہو سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ دسویں جماعت  کا سپیشل امتحان  ہفتہ11 دسمبر2021 سے شروع ہوگا۔ چیئرپرسن نے بتایا کہ اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ انٹر برانچ کے فون نمبر0412517716پر رابطہ کر سکتا ہے۔