ملک میں سکوائش کی بحالی کے لئے اکیڈمی کے قیام کا بہت ضروری تھا،عدنان اسد

اکیڈمی کے قیام کیلئے سندھ سکوائش ایسو سی ایشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوگئے ہیں ، صدر سندھ سکوائش ایسوسی ایشن

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 15:25

ملک میں سکوائش کی بحالی کے لئے اکیڈمی کے قیام کا بہت ضروری تھا،عدنان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) ) سندھ سکوائش ایسو سی ایشن کے صدر اور ممبر امریکن بزنس کونسل عدنان اسد نے کہا ہے کہ ملک میں سکوائش کی بحالی کے لئے اکیڈمی کے قیام کا بہت ضروری تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سکوائش کے کھیل کی بحالی کے لئے اکیڈمیز کا قیام بہت ضروری ہے اور اس سلسلہ میں سندھ سکوائش ایسو سی ایشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوگئے ہیں اس سے سکوائش کے کھیل کی ترقی اور نوجوان کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے امریکن بزنس کونسل کا ایک اہم کردار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت پی ایس کوچنگ سنٹر کراچی میں ایک اسکوائش اکیڈمی قائم کی جائے گی اور اکیڈمی کے لئے جگہ لیز پر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

عدنان اسد نے بتایا کہ یہ اکیڈمی ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی ہو گی جہاں نا صرف کھیل کو آگے بڑھانے کے لئے نوجوانوں کو دل سے سپورٹ کیا جائے گابلکہ ان کا یہ اقدام نوجوان اور با صلاحیت اسکوائش کھلاڑیوں کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ اکیڈمی میں مختلف ایج گروپ کے کھلاڑیوں کو نامور کوچز تربیت دیں گے اور اس کے علاوہ کھلاڑیوں کو سکوائش میں مہارت حاصل کرنے کے لئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کیلئے اسکوائش کے کھیل میں ایک بہترین ٹیلنٹ کو تیار کرکے سامنے لایا جاسکے۔ ایک سوال کے جواب میں عدنان اسد نے کہا کہ ایک وقت ایسا تھا کہ جب پاکستان نے ہمارے لیجنڈز جان شیر خان، جہانگیر خان اور قمر زمان کے ذریعے سکوائش کے میدان میں دنیا پر کئی سالوں تک حکمرانی کی تھی اور آخر کار یہ تمام اعزازات آہستہ آہستہ ہمارے ہاتھ سے نکل گئے اس کی تمام وجہ یہ تھی کھلاڑیوں نے محنت کرنا چھوڑ دی تھی۔

اس موقع پر پاکستان اسکوائش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ونگ کمانڈر ارمغان عزیز نے بھی سندھ سکوائش ایسوسی ایشن کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔