متحدہ علماء محاذ کے بانی مولانا محمد امین انصاری کی میزبانی اور اسداللہ بھٹو کی زیر صدارت وحدت امت سیمینار

بعثت رسولؐ وحدت امت کا درس دیتی ہے،خاتم النبیین محمد ؐ کی ذات اقدس ہی نقطہ اتحاد ہے،مقررین کا سیمینار سے خطا ب

بدھ 20 اکتوبر 2021 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی میزبانی اور جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو کی زیر صدارت مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقدہ بسلسلہ ہفتہ وحدت 16واں سالانہ ’’وحدت امت سیرت مصطفی ؐ کی روشنی میں‘‘ سیمینار میں شریک مہمانان خصوصی جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنما علامہ ڈاکٹر نصیر الدین سواتی،علماء مشائخ فیڈریشن کے سربراہ علامہ پیر احمد عمران نقشبندی، محاذ کے چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی، جے یو آئی ف کے رہنما شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ ترکی،محاذ کے مرکزی نائب صدر علامہ علی کرارنقوی، امین الملّت خواجہ امین نظامی،آل سندھ علماء ذاکرین فیڈریشن کے سربراہ علامہ سید سجاد شبیررضوی،مجلس ذاکرین امامیہ کے سربراہ علامہ نثار احمد قلندری سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ و سیاسی زعماء نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بعثت رسولؐ وحدت امت کا درس دیتی ہے،خاتم النبیین محمد ؐ کی ذات اقدس ہی نقطہ اتحاد ہے،غلبہ اسلام مظالم سے نجات کیلئے پیغام وحدت کو عام کیاجائے،استعماری پنجہٴ استبداد سے نجات کیلئے اسوة رسولؐ و اہل بیت وصحابہ کو اپنایاجائے،شاتمان رسولؐ و باغیان ختم نبوت کا ہر سطح پر محاسبہ کریںگے، ریاست مدینہ کے نام لیوائوں کو نظام مصطفی سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دینگے،حکومت قادیانیوں کی سرپرستی کرنا چھوڑ دے تمام کلیدی عہدوں سے برطرف کیاجائے،اہل بیت اطہار و اصحاب رسولؐ ازواج مطہراتؓ وبنات رسولؐ نے اسوہ رسولؐ کو امت تک پہنچایا،ذکر مصطفی ؐ ذکر صحابہ و اہل بیت کے بغیر نامکمل ہے ان کی قربانیوں کو تاقیامت یادرکھاجائیگا،نصاب تعلیم میں سیرت رسولؐ اصحاب رسول و اہل بیت اطہارکے مضامین شامل کئے جائیں،امریکی ایماء پر قرآن و سنت و آئین پاکستان کے منافی حکومتی کوششوںکی بھرپور مزاحمت کی جائے گی،پاکستان کو لاحق اندرونی و بیرونی خطرات کے خلاف افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں،فلسطین و کشمیر کی آزادی ،خودمختاری ، بحالی وآبادکاری کیلئے مسلم حکمران کردار اداکریں،افغان طالبان حکومت کا استحکام خطے میں امن و سلامتی و خوشحالی کا ضامن ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماء مشائخ نے ہاتھوں میں ہاتھ بلند کرکے فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں اور دشمن طاقتوں سے نبردآزما جرأت مند مجاہد افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا اور فرقہ واریت ،دہشت گردی، مذہبی منافرت کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا عزم کرتے ہوئے واضح دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ ناموس رسالتؐ ،عقیدہ تحفظ ختم نبوت ،عظمت اہل بیت وعظمت اصحاب رسولؐ کی شان میں گستاخیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔

سیمینار سے جمعیت علمائے ہزارہ کے صدر مولانا عزیز الرحمن ہزاروی، آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری، جمعیت اتحادالعلماء کے رہنما مفسر قرآن علامہ مفتی روشن دین الرشیدی، عالمی اتحاد امت مشن کے سربراہ علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی، علامہ سید اطہر مشہدی،اہل حدیث رابطہ کونسل و اتحاد ملت و تحفظ ختم نبوت کے سربراہ علامہ مرتضیٰ خان رحمانی،عوامی خدمت الائنس کے مرکزی نائب صدر مولانا الیاس تنولی،سجادہ نشین آستانہ عالم اسلامی شاہ کفیل احمد،جمعیت القراء و شبان غرباء اہلحدیث کے رہنما مولانا مفتی مصدق الامین، فاضل جامعہ علامہ بنوری ٹائون مولانا مفتی اسدالحق چترالی، پی ایس پی علماء ونگ کے مولانا علی المرتضیٰ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور پیپلزپارٹی کے رہنما یعقوب احمد شیخ،سواد اعظم اہلسنت یوتھ فورس کراچی کے صدر حافظ گل نواز ،آل سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے بانی سربراہ یاسر حسین،آل پاکستان سنی تحریک کی تنظیمی کمیٹی کے کنوینئر شمس جاوید نے خطاب کیا ،جبکہ قاری زبیر الدین چترالی آف لاہور نے تلاوت اور معروف نعت و منقبت خواں خواجہ پیر سید معاذ علی نظامی، ثانی وحید ظفر قاسمی قاری حافظ انوار حمیدی، النجوم چینل کے ڈائریکٹر حافظ قاری ابراہیم چترالی نے بارگاہ رسالتؐ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

سیمینارکے اختتام پر محسن اسلام و محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی دفاع ملک و ملت کیلئے کی جانے والی گراں قدر خدمات پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی ،مغفرت و بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔دریں اثناء میزبان مولانا محمدا مین انصاری کی جانب سے دعوت حلیم میں ممتاز مذہبی ،سیاسی ،سماجی شخصیات ،دانشور، وکلاء، صحافی حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔دعوت حلیم میں شرکت کرنے والوں کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔