Live Updates

پنجاب ، عشرہ رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات اور محافل میں سرفہرست رہا

وزیر اعلی عثمان بزدار نے بھی عشرہ رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا

بدھ 20 اکتوبر 2021 22:39

پنجاب ، عشرہ رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات اور محافل میں سرفہرست رہا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب دیگر صوبوں کی نسبت عشرہ رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات میں سرفہرست رہا۔ صوبے بھر کے تعلیمی اور دیگر سرکاری و نجی اداروں میں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں ہزاروں تقریبات منعقد ہوئیں۔ اخبارات میں عشرہ رحمت اللعالمینؐ کی خبریں اور سپیشل ایڈیشن شائع ہوئے۔

ٹی وی چینلز پر پر بھی شان رحمت اللعالمینؐ کی مناسبت سے پروگرام پیش کئے گئے۔ صوبہ بھر کے سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں مقابلہ حسن قرآت، نعت، تقاریر، محافل میلادؐ منعقد ہوئیں جبکہ لاہور میں نعتیہ مشاعرہ بھی منعقد ہوا -وزیر اعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت عالمی علماء مشائخ کانفرنس میں علماء کے علاوہ دیگر مذاہب کے سکالرز نے بھی شرکت کی - وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یکم ربیع الاول کو پریس کانفرنس میں عشرہ رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات اور محافل کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروںکے سٹاف کو رحمت اللعالمینؐ سے منسوب میڈل دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ آفس اور وزیراعلیٰ ہائوس سمیت سرکاری عمارات پر برقی قمقموں سے چراغاں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نادار اور مستحق طلبہ کیلئے رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ بڑھا کر ایک ارب روپے کر دیا۔ ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، چکوال اور اوکاڑہ کی یونیورسٹیوں میں سیرت چیئر قائم گی گئیں۔

وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں منعقدہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی مرکزی تقریب میں گورنر ہائوس لاہور سے شرکت کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ کیا اور عیدمیلاد النبی کی مناسبت سے قیدیوں کی سزا میں 60 یوم کی معافی کے ساتھ ساتھ قیدیوں اور جیل عملے کے لئی ساڑھے 5 ارب روپے کے پریزن پیکیج کا اعلان کیا - وزیر اعلی عثمان بزدار نے نہ صرف جیل ملازمین کیلئے ایک اضافی بنیادی تنخواہ کے برابر پریزن سیکورٹی الاؤنس دینے کا اعلان کیا بلکہ پوسٹوں کی اپ گریڈیشن اور جیل شہداء پیکیج کا بھی اعلان کیا - وزیر اعلی عثمان بزدار کے حکم پر جیلوں میں ایئر کولر، ایگزاسٹ فین، ایل ای ڈی لائٹس ، اضافے پنکھے، ایل ای ڈی ٹی وی کیبل نیٹ ورک لگائے جائیں گے - قیدیوں کے لئے سپورٹس اور میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے - معذور بزرگ اور بیمارقیدیوں کی رہائی کے لئے پیرول کمیٹی قائم کر دی گئی ہے - وزیر اعلی عثمان بزدار کے حکم پر پریزن وین اور ایمبولینس بھی دی جائیں گی- وزیر اعلی عثمان بزدار نے قیدیوں کے لئے جم اور فٹنس سنٹر کا بھی افتتاح کیا- عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور آرٹس کونسل میں محفل سماع میں شرکت کی۔

نامور قوال ابو محمد اور ہمنوا نے پنجابی، اردوعربی اور فارسی میں حمدیہ اور نعتیہ قوالی اور صوفیانہ کلام پیش کیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے الحمرا آرٹ گیلری اور پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ’’اسم محمد ؐ ‘ ‘ خطاطی کی نمائش دیکھی اور پوزیشن حاصل کرنے والے خطاط میں میڈل تقسیم کئے - وزیراعلیٰ آفس کی جامعہ مسجد میں عید میلادالنبیؐ پر روح پرور محفل منعقد ہوئی اور محفل میلاد میں بارگارہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عید میلادالنبیؐ کے روز اہل خانہ کے ہمراہ کاشانہ کا دورہ کیا اور وہاں مقیم بے سہارا بچیوں کو تحائف پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مری اور لاہور کی سیر کرانے کا اعلان بھی کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات